0

کلنگام ہندواڑہ میں پراسرار دھماکہ چار کمسن زخمی، پولیس نے تحقیقات شروع کی

سری نگر29اکتوبر(یو این آئی) شمالی کشمیر کے ہندواڑہ علاقے کے کلنگام گاؤں میں بدھ کی شام ایک پراسرار دھماکے میں چار کمسن لڑکے زخمی ہوگئے، جنہیں فوری طور پر نزدیکی اسپتال منتقل کیا گیا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق دھماکہ اُس وقت پیش آیا جب بچے ٹوٹی گنڈ علاقے میں کرکٹ کھیل رہے تھے۔
ذرائع کے مطابق کھیل کے دوران اچانک زور دار دھماکہ ہوا جس کی آواز دور دور تک سنی گئی، اور چار بچے خون میں لت پت ہوکر گر پڑے۔ مقامی لوگوں نے فوری طور پر زخمیوں کو گورنمنٹ میڈیکل کالج ہندواڑہ پہنچایا جہاں ڈاکٹروں نے ان کا علاج شروع کر دیا۔ اسپتال ذرائع کے مطابق سبھی زخمیوں کی حالت فی الحال مستحکم بتائی جارہی ہے۔
زخمیوں کی شناخت عزیر طاہر ولد طاہر احمد بٹ، سجاد رشید ولد عبدالرشید صوفی، ہازم شبیر ولد شبیر احمد بیگ، اور زیان طاہر ولد طاہر احمد بٹ کے بطور ہوئی ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ ابتدائی جانچ سے معلوم ہوتا ہے کہ یہ شیل دھماکہ تھا، تاہم یہ واضح نہیں ہو سکا کہ شیل وہاں کیسے پہنچا۔ انہوں نے کہا کہ فورینسک ٹیم کو جائے وقوع پر طلب کر کے شواہد اکٹھے کیے گئے ہیں اور دھماکے کی نوعیت جاننے کے لیے تحقیقات بڑے پیمانے پر شروع کر دی گئی ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں