سری نگر، 26 فروری (یو این آئی) کرائم برانچ جموں و کشمیر کی اقتصادی جرائم ونگ (ای او ڈبلیو) نے کورونا وبا کے دوران جموں وکشمیر میں طبی سامان کی خریداری سے متعلق بڑے پیمانے پر دھوکہ دہی کے الزام میں دو افراد کے خلاف باضابطہ مقدمہ درج کیا ہے۔
ونگ کے ایک ترجمان نے بتایا کہ یہ مقدمہ ایک تحریری شکایت کی بنیاد پر درج کیا گیا جس میں الزام لگایا گیا کہ ملزموں، جو سری نگر کے پیر باغ اور صنعت نگر کے رہائشی ہیں، نے خود کو جموں وکشمیر وزارت اور او ایس ڈی سپلائز کے نمائندے ظاہر کئے۔
انہوں نے کہا: ‘ملزموں نے فریب دہی کے ذریعے مختلف سرکاری محکموں اور اداروں کو طبی سامان کی ادائیگیاں اُن بینک کھاتوں میں منتقل کرنے پر آمادہ کیا جو اصلی سپلائرز کے نام پر دھوکہ دہی سے کھولے گئے تھے، ملزمان نے مبینہ طور پر اصل سپلائز کی شناخت کو غلط انداز میں پیش کرنے کے لئے جعلی ای میل آئی ڈیز بھی تیار کیں’۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات سے انکشاف ہوا کہ ملزموں نے بد دیانتی سے ایک سرکاری دفتر سے 27 لاکھ روپیے حاصل کئے جبکہ ایک سرکاری طبی ادارے سے 2 کروڑ 24 لاکھ روپیے فراڈ کے ذریعے نکالنے کی بھی منصوبہ بندی کی۔
انہوں نے کہا کہ ابتدائی شواہد کی بنیاد پر تزیرات ہند کی دفعات 420, 467,468,471 اور 120 – بی کے ساتھ آئی ٹی ایکٹ کی دفعہ 66 – ڈی کے تحت جرائم قائم کئے گئے ہیں اور مقدمے کا نوٹس لے لیا گیا ہے اور مزید تفتیش جاری ہے۔
0
