جموں،23جنوری(یو این آئی) جموں و کشمیر کے ضلع کٹھوعہ کے بلاور علاقے میں سیکورٹی فورسز نے جیشِ محمد سے وابستہ ایک غیر ملکی پاکستانی دہشت گرد کو ہلاک کر دیا۔ یہ آپریشن جموں و کشمیر پولیس ، فوج اور سی آر پی ایف کی مشترکہ کارروائی کے تحت انجام دیا گیا۔
ذرائع نے بتایا کہ سیکورٹی فورسز کو بلاور کے جنگلاتی علاقے میں دہشت گرد کی موجودگی سے متعلق مخصوص ان پٹ موصول ہوا تھا، جس کے بعد فوج، سی آر پی ایف اور مقامی پولیس کی مشترکہ ٹیموں نے محاصرہ اور تلاشی کارروائی شروع کی۔ دورانِ تلاش دہشت گرد نے فورسز پر فائرنگ کی جس کے بعد جھڑپ چھڑ گئی۔
ذرائع کے مطابق سیکورٹی فورسز نے بھی بھرپور جوابی کارروائی کی اور مختصر مگر شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد غیر ملکی دہشت گرد کو ہلاک کر دیا گیا۔ ابتدائی شناخت سے معلوم ہوا ہے کہ ہلاک دہشت گرد کا تعلق پاکستان سے تھا اور وہ جیشِ محمد کے سرگرم نیٹ ورک سے جڑا ہوا تھا۔ اس کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود اور کچھ اہم مواد بھی برآمد ہوا ہے، جسے پولیس نے تحویل میں لے کر تفتیش شروع کر دی ہے۔
آئی جی پی جموں نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ یہ کامیابی سیکورٹی فورسز کی بروقت، منظم اور پیشہ ورانہ کارروائی کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ کچھ ہفتوں سے دراندازی کی کوششوں میں اضافہ دیکھا گیا ہے، تاہم فورسز پوری مستعدی کے ساتھ صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس آپریشن نے علاقے میں سرگرم دشمن عناصر کے عزائم کو ناکام بنایا ہے اور یہ کارروائی اس بات کا ثبوت ہے کہ سیکورٹی فورسز کسی بھی تخریبی کوشش کا بروقت اور مؤثر جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔ پولیس نے علاقے میں سرچ آپریشن مزید سخت کر دیا ہے تاکہ کسی ممکنہ ساتھی یا امدادی گروہ کا سراغ لگایا جا سکے۔
اس سلسلے میں مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔
0
