0

کٹھوعہ میں طویل عرصے سے مفرور ملزم کی غیر منقولہ جائیداد ضبط:پولیس

جموں، 21 جنوری (یو این آئی) کٹھوعہ پولیس نے ایک فیصلہ کن کارروائی میں طویل عرصے سے مفرور ملزم کی غیر منقولہ جائیداد بی این ایس ایس کے تحت ضبط کرلی ہے۔
ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ کٹھوعہ پولیس نے عدالت کی ہدایات کی تعمیل کرتے ہوئے ایک مفرور ملزم کی غیر منقولہ جائیداد ضبط کرلی۔
انہوں نے کہا کہ یہ ضبطی پولیس اسٹیشن بلاور میں آر پی سی کے متعلقہ دفعات کے تحت درج زیر ایف آئی آر نمبر68/2019 کے سلسلے میں عمل میں لائی گئی۔
بیان کے مطابق ضبط شدہ جائیداد میں 4 کانل 17 مرلہ اراضی شامل ہے جو ملزم بھوشن کمار ولد پنو رام ساکن ہادات مہان پورہ کٹھوعہ کی ملکیت ہے، جو مذکورہ مقدمے میں طویل عرصے سے مفرور ہے۔
انہوں نے کہا کہ قانونی کارروائی سے مسلسل فرار کے باعث معزز عدالت اے ایس ایم ایم بلاور نے ملزم کو اشتہاری مجرم قرار دیا۔
ان کا کہنا ہے کہ کٹھوعہ پولیس کی طرف سے گرفتاری کے لئے مسلسل کوششوں کے باوجود ملزم قانون کی گرفت سے باہر رہا جس کے نتیجے میں عدالت نے اس کی غیر منقولہ جائیداد کی ضبطی کا حکم دیا۔
پولیس ترجمان نے بتایا کہ کٹھوعہ پولیس نے محکمہ مال کے ساتھ قریبی تال میل کے ذریعے تمام قانونی تقاضوں، تصدیق اور دستاویزی کارروائی مکمل کرنے کے بعد ضبطی عمل میں لائی۔
انہوں نے کہا کہ یہ کارروائی مفرور ملزموں کے خلاف وسیع پیمانے اور مسلسل حکمت عملی کا حصہ ہے اور مستقبل میں مفرور عناصر کی حوصلہ شکنی کی باعث بنے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں