سری نگر،18دسمبر(یو این آئی) کپواڑہ پولیس نے غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے تحت ایک اہم کارروائی انجام دیتے ہوئے یو اے پی اے (غیر قانونی سرگرمیاں انسدادِ قانون) کے ایک مقدمے میں ملوث ملزم کی دو منزلہ رہائشی عمارت ضبط کر لی ہے۔
پولیس حکام کے مطابق یہ کارروائی ولی محمد میر ولد محمد صادق میر ساکن مرساری چوکی بل، ضلع کپواڑہ کی ملکیت جائیداد کے خلاف عمل میں لائی گئی۔ مذکورہ جائیداد ایف آئی آر نمبر 53/2025 کے تحت پولیس اسٹیشن کرالپورہ میں درج مقدمے سے متعلق ہے، جس میں آرمز ایکٹ کی دفعات 7/25 اور یو اے پی اے کی دفعات 13، 23 اور 39 شامل ہیں۔
پولیس نے بتایا کہ ضبط کی گئی جائیداد دو منزلہ رہائشی مکان پر مشتمل ہے، جسے قانونی تقاضوں کے عین مطابق کارروائی کے دوران سرکاری تحویل میں لیا گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ جائیداد کی ضبطی مکمل طور پر قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے عمل میں لائی گئی ہے۔
کپواڑہ پولیس نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ دہشت گردی، اس کی معاونت اور غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف سخت قانونی کارروائیاں جاری رہیں گی اور ایسے عناصر کے خلاف قانون کے تحت ہر ممکن قدم اٹھایا جائے گا.
0
