سری نگر، 25 اکتوبر (یو این آئی) سماجی جرائم کے خلاف کارروائیوں کو جاری رکھتے ہوئے گاندربل پولیس نے 6 جواریوں کو گرفتار کرکے دائو پر لگی رقم اور تاش کے پتے ضبط کئے ہیں۔
ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ پولیس اسٹیشن گاندربل کی ایک ٹیم نے ایک مصدقہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے گڈورہ میں جواریوں کے ایک ٹھکانے پر چھاپہ مارا۔
انہوں نے کہا کہ پولیس کو دیکھ کرجواریوں نے جائے موقع سے فرار ہونے کی کوشش کی تاہم 6 کو موقع پر ہی دھر لیا گیا۔
ان کا کہنا ہے کہ ان کے قبضے سے 30 ہزار 5 سو 20 روپیوں کی دائو پر لگی رقم اور تاش کے پتے بر آمد کئے گئے۔
پولیس نے گرفتار شدگان کی شناخت اعجاز احمد ڈار ولد غلام محمد ڈار ساکن الٰہی باغ رنگہ پورہ سری نگر، فیاض احمد شیخ ولد غلام محمد شیخ ساکن زینہ کدل سری نگر، طارق احمد بٹ ولد بشیر احمد بٹ ساکن الٰہی باغ سری نگر، عادل احمد ڈار ولد محمد اشرف ڈار ساکن الٰہی باغ سری نگر، الطاف احمد کانڈو ولد غلام محمد کانڈو ساکن بژھ پورہ صورہ اور مشتاق احمد ملہ ولد عبدالعزیز ملہ ساکن آنچار صورہ کے طور پر کی گئی ہے۔
پولیس ترجمان نے بتایا کہ اس سلسلے میں پولیس اسٹیشن گاندربل میں متعلقہ دفعات کے تحت زیر ایف آئی آر نمبر179/2025 ایک مقدمہ درج کیا گیا اور مزید تحقیقات شروع کی گئیں۔
انہوں نے کہا کہ پولیس سماجی جرائم کے خاتمے کے لئے پر عزم ہے۔
0
