0

گاندربل پولیس کا بڑا آپریشن، دس کروڑ روپیہ مالیت کی کوکین برآمد، دو منشیات فروش گرفتار

سری نگر،17دسمبر(یو این آئی) منشیات کا کاروبار کرنے والوں کے خلاف اپنی مہم جاری رکھتے ہوئے گاندربل پولیس نے دو منشیات فروشوں کی گرفتاری عمل میں لا کر ان کے قبضے سے دس کروڑ روپیہ مالیت کی کوکین برآمد کی ہے۔
پولیس ترجمان کے مطابق ، 8 دسمبر کو گاندربل میں ناکہ چیکنگ کے دوران محمد عرفان بٹ ولد غلام نبی بٹ، ساکن خار باغ واکورہ گاندربل، کو حراست میں لیا گیا اور اس کے خلاف پولیس اسٹیشن گاندربل میں این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی گئی۔
انہوں نے کہا کہ ملزم کے روابط اور نیٹ ورک کی تحقیقات کے لیے ایس ایس پی گاندربل خلیل پسوال کی نگرانی میں ایڈیشنل ایس پی اویس لون کی سربراہی میں ایک خصوصی تحقیقاتی ٹیم تشکیل دی۔
عدالت سے حاصل شدہ سرچ وارنٹس کے تحت گاندربل پولیس نے سمبل، شادی پورہ، زکورہ اور دیگر مشتبہ مقامات پر ہم آہنگ چھاپے مار کر منشیات کے نیٹ ورک کو نشانہ بنایا۔
ترجمان کے مطابق اس کارروائی کے دوران ایک اور خطرناک منشیات فروش مقصود حسین خان ولد عبد المجید خان، ساکن حضرت بل، سری نگر، حال گوری پورہ صنعت نگر کو گرفتار کیا گیا۔ اس کے کرایہ کے مکان کی تلاشی کے دوران تقریباً ایک کلوگرام کوکین جیسا نشہ آور مادہ برآمد ہوا، جس کی بین الاقوامی منڈی میں مالیت 10 کروڑ روپے سے زائد ہے۔ علاوہ ازیں ایک گاڑی، موبائل فونز اور دیگر الیکٹرانک آلات بھی ضبط کیے گئے۔
پولیس نے بتایا کہ تحقیقات جاری ہیں تاکہ منشیات کے اصل ماخذ، سپلائی چین اور ممکنہ بین ضلعی اور بین الاقوامی روابط کا پتہ لگایا جا سکے۔
گاندربل پولیس نے واضح کیا کہ منشیات کی اسمگلنگ کے خلاف ان کی صفر رواداری کی پالیسی برقرار ہے اور عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ منشیات کے استعمال یا فروخت سے متعلق کسی بھی معلومات کو پولیس کے ساتھ شیئر کر کے ایک منشیات سے پاک سماج کی تشکیل میں تعاون کریں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں