0

گاندر بل میں غیر قانونی معدنیات کی نکاسی اور ترسیل میں ملوث 9 گاڑیاں ضبط: پولیس

سری نگر، 12 جنوری (یو این آئی) غیر قانونی معدنیات کی نکاسی کے خلاف مہم کو جاری رکھتے ہوئے گاندربل پولیس نے ضلع بھر میں مختلف کارروائیوں کے دوران غیر قانونی معدنیات کی نکاسی اور ترسیل میں ملوث 9 گاڑیوں کو ضبط کیا ہے۔
ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ گاندربل پولیس کی ٹیموں نے غیر قانونی معدنیات کی نکاسی اور ترسیل میں ملوث 9 گاڑیوں کو ضبط کیا ہے جن میں 7 ٹپر اور 2 ٹریکٹر شامل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ گاڑیاں پولیس اسٹیشن گاندربل کے دائرہ اختیار میں معدنیات کی غیر قانونی نکاسی اور ترسیل میں ملوث پائے گئے۔
ان کا کہنا ہے کہ یہ گاڑیاں نالہ سندھ سے غیر قانونی طور پر نکالے گئے مواد کو بغیر لازمی اجازت ناموں کے منتقل کر رہی تھیں۔
پولیس ترجمان نے بتایا کہ پولیس نے محکمہ ارضیات و کان کنی کے ساتھ قریبی تال میل میں فوری کارروائی کرتے ہوئے ان گاڑیوں کو بر سر موقع ہی روک کر ضبط کر دیا۔
انہوں نے کہا کہ غیر قانونی نکاسی نہ صرف سرکاری خزانے کو نقصان پہنچاتی ہے بلکہ خطے کے ماحولیاتی توازن کے لئے بھی سنگین خطرہ ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ گاندربل پولیس قدرتی وسائل کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے پر عزم ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں