سری نگر،5 نومبر(یو این آئی) وادی کشمیر کا مشہور سیاحتی مقام گلمرگ ایک بار پھر سفید برف کی چادر میں لپٹ کر جنتِ کا منظر پیش کر رہا ہے۔ تازہ برف باری کے بعد اس دلکش وادی نے ایک بار پھر اپنے منفرد حسن سے نہ صرف مقامی لوگوں بلکہ ملک بھر سے آئے سیاحوں کے دل جیت لیے۔
برف کے نرم گالوں نے وادی کے پہاڑوں، درختوں اور گھاس کے میدانوں کو سفید چمک میں ڈھانپ دیا ہے.
محکمہ موسمیات کے مطابق، گلمرگ میں بدھ کو کم سے کم درجہ حرارت منفی دو ڈگری سیلسیس تک جا پہنچا جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 10 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔
برف باری کے ساتھ ہی گلمرگ میں سیاحوں کی آمد میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا۔ وادی کے ہوٹلوں اور گیسٹ ہاؤسز میں بکنگ بڑھنے لگی ہے۔
ممبئی سے آنے والی خاتون سیاح پرینیتا شرما نے یو این آئی سے بات کرتے ہوئے کہا،’یہ میری زندگی کی پہلی برف باری ہے۔ جیسے ہی برف کے گالے گرے، ایسا لگا جیسے ہم کسی فلم کے منظر میں ہوں۔ گلمرگ واقعی جنت بے نظیر لگ رہا ہے۔‘
دہلی سے آئے ایک اور سیاح روی کمار نے کہا،’ہم نے گلمرگ کے بارے میں بہت کچھ سنا تھا، مگر آج جب برف باری دیکھی تو محسوس ہوا کہ یہ جگہ الفاظ سے زیادہ خوبصورت ہے۔ یہ لمحہ ہماری زندگی کی سب سے حسین یاد بن گیا ہے۔‘
برف باری سے نہ صرف سیاح بلکہ مقامی لوگ بھی بے حد خوش نظر آ رہے ہیں۔ گلمرگ کے ایک مقامی ہوٹل مالک نے بتایا،’یہ برف باری ہمارے لیے خوشحالی کا پیغام لاتی ہے۔ پچھلے کچھ مہینوں سے کاروبار میں کمی تھی، مگر اب سیاحوں کی واپسی سے امیدیں پھر سے جاگ اٹھی ہیں۔‘
گلمرگ کی پہاڑیاں، برف سے ڈھکے درخت، اور سفید بادلوں میں لپٹی وادی فوٹوگرافروں کے لیے کسی خواب سے کم نہیں۔
سری نگر سے آئے ایک فوٹوگرافر فیاض احمد نے کہا،’یہ قدرتی روشنی اور برف کی سفیدی ایک جادوئی امتزاج پیدا کرتی ہے۔ گلمرگ فوٹوگرافروں کے لیے ایک مکمل ویژول کہانی بن جاتا ہے۔‘
دنیا کی بلند ترین کیبل کاروں میں شمار ہونے والا گلمرگ گونڈولا میں بھی بدھ کو سیاحوں کا غیر معمولی رش دیکھنے کو ملا۔ گونڈولا کے ذریعے جب سیاح برف سے ڈھکے پہاڑوں کے اوپر پہنچتے ہیں تو پورا منظر کسی ’فلمی فریم‘ جیسا لگتا ہے۔
گلمرگ کے میدانوں میں موجود سبز درخت اب سفید برف سے ڈھک گئے ہیں، اور جب سورج کی ہلکی کرنیں ان پر پڑتی ہیں تو ایسا محسوس ہوتا ہے جیسے لاکھوں ہیروں نے زمین پر بسیرا کر لیا ہو۔
مقامی لوگوں کے مطابق، برف باری کے بعد گلمرگ کی ہوا میں ایک خاص خوشبو اور سکون گھل جاتا ہے جو ذہن و دل کو تر و تازہ کر دیتا ہے۔
0
