واشنگٹن، 13 دسمبر (یو این آئی) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ہندوستان پر عائد ٹیرف کو ختم کرنے کے لیے امریکی کانگریس میں ایک قرارداد پیش کردی گئی ہے۔ یہ قرارداد کانگریس کے ارکان راجا کرشنامورتی، ڈیبورا روز اور مارک وی سی کی جانب سے پیش کی گئی ہے۔
قرارداد کا مقصد ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ہندوستان پر عائد 50 فیصد ٹیرف کو ختم کرنا اور تجارت پر امریکی کانگریس کے آئینی اختیار کو بحال کرنا بتایا گیا ہے۔
راجا کرشنامورتی کا کہنا ہے کہ صدر ٹرمپ کی ہندوستان کے حوالے سے غیر ذمہ دارانہ ٹیرف کی حکمت عملی ایک اہم شراکت داری کو نقصان پہنچا رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ‘امریکی مفادات کو آگے بڑھانے کے بجائے، یہ ٹیرف سپلائی چین میں خلل ڈالتے ہیں، امریکی ورکروں کو نقصان پہنچاتے ہیں، اور صارفین کے لیے لاگت میں اضافہ کرتے ہیں۔
دوسری جانب مارک وی سی کا کہنا ہے ہندوستان ایک اہم اقتصادی اور اسٹریٹجک پارٹنر ہے اور یہ غیر قانونی ٹیرف عام لوگوں پر ایک طرح کا ٹیکس ہیں۔
یاد رہے کہ صدر ٹرمپ نے رواں سال ہندوستان سمیت دنیا کے کئی ممالک پر محصولات عائد کیے ہیں۔ ابتدائی طور پر انہوں نے ہندوستان پر 25 فیصد ٹیرف عائد کیا لیکن اگست میں، روس سے تیل کی خریداری کا حوالہ دیتے ہوئے، ٹرمپ نے ہندوستان پر مزید 25 فیصد اضافی ٹیرف لگا دیا تھا۔
0
