نئی دہلی، 19 جنوری (یو این آئی) زمینی سطح پر تعاون پیش کرنے والوں کی خدمات کے اعتراف اور قومی تقریبات میں عوامی شرکت کو بڑھانے کے حکومتی اقدام کے حصے کے طور پر، دارالحکومت کے کرتویہ پتھ پر 77 ویں یوم جمہوریہ کی پریڈ دیکھنے کے لیے زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے تقریباً 10 ہزار خصوصی مہمانوں کو مدعو کیا گیا ہے۔
مدعوین میں وہ افراد اور گروہ شامل ہیں جنہوں نے آمدنی اور روزگار کی فراہمی، اختراع، تحقیق، اسٹارٹ اپس، اپنی مدد آپ گروپ اور حکومت کی اہم اسکیموں کے مستفدین کے طور پر مثالی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد ملک کی تعمیر میں ان کے تعاون کو خراج تحسین پیش کرنا اور قومی اہمیت کی حامل تقریبات میں ‘جن بھاگیداری’کو مضبوط بنانا ہے۔
ان خصوصی مہمانوں کے لیے کرتویہ پتھ پر نمایاں نشستوں کا انتظام کیا جائے گا۔ پریڈ میں شرکت کے علاوہ وہ نیشنل وار میموریل، پی ایم سنگر ہالیہ اور دہلی کے دیگر نمایاں مقامات کا دورہ بھی کریں گے اور انہیں وفاقی وزراء کے ساتھ بات چیت کے مواقع بھی ملیں گے۔ ان مہمانوں میں ورلڈ ایتھلیٹکس پیرا چیمپئن شپ کے فاتحین، قدرتی کاشتکاری کرنے والے کسان، دالوں کے شعبے میں خود انحصاری کے مشن کے تحت بہترین کارکردگی پیش کرنے والے کسان، پی ایم اسمائل اسکیم کے تحت بحال ہونے والے افراد، دھرتی آبا جن جاتی گرام اتکرش ابھیان کے مستفدین اور دیہی علاقوں میں مویشی پروری اور مویشیوں کی افزائش نسل سے متعلق خدمات فراہم کرنے والے تربیت یافتہ ‘میتری’ اہلکار شامل ہیں۔
اس فہرست میں نیشنل گرین ہائیڈروجن مشن کے تحت تعاون پانے والی کمپنیوں کے سربراہان اور سی ای اوز، اسرو کے اہم مشنز جیسے گگن یان اور چندریان سے وابستہ سائنسدان اور تکنیکی ماہرین، آئسوٹوپ پروڈکشن اور ڈیپ اوشین مشن پر کام کرنے والے تحقیق کار اور اٹل ٹنکرنگ لیبارٹریز کے تحت تربیت یافتہ اختراع کار اور طلبہ بھی شامل ہیں۔ بین الاقوامی کھیلوں کے مقابلوں کے فاتحین، پی ایم دھن دھانیا کرشی یوجنا کے تحت تعاون پانے والے خواتین پروڈیوسر گروپس، کھادی وکاس یوجنا اور پی ایم وشوکرما اسکیم کے تحت تربیت یافتہ دستکار، قبائلی بہبود کے اقدامات کے استفادہ مستفدین اور سیمیکون انڈیا، بائیو ای تھری پالیسی اور سیلف ریلائنٹ انڈیا (ایس آر آئی) فنڈ جیسے پروگراموں کے تحت بہترین کارکردگی پیش کرنے والے اسٹارٹ اپس اور ایم ایس ایم ایز کو بھی مدعو کیا گیا ہے۔
دیگر خصوصی مہمانوں میں پی ایم شرم یوگی ماندھن یوجنا کے پنشن یافتگان غیر منظم شعبے کے ورکرز، پی ایم مدرا یوجنا کے تحت تعاون پانے والی خواتین کاروباری شخصیات، دویانگ مستفدین، جن اوشدھی مراکز چلانے والے ایس سی/ایس ٹی کاروباری افراد اور سابق فوجی، پی ایم سواندھی کے تحت اسٹریٹ وینڈرز، نیشنل مشن فار کلین گنگا کے واٹر واریرز اور جل جیون مشن کے مستفدین شامل ہیں۔
مہمانوں کی فہرست میں مزید سرحدی سڑکوں کی تنظیم اور کرتویہ بھون کے تعمیراتی کارکن، مشن سکشم آنگن واڑی اور پوشن 2.0 کے تحت بہترین کارکردگی پیش کرنے والی آنگن واڑی ورکرز، قدرتی آفات کے بندوبست سے متعلق رضاکار، مائی بھارت کے رضاکار، این آر ایل ایم کے تحت لکھ پتی دیدیاں، پرائمری زرعی کریڈٹ سوسائٹیز،املاک دانش کے حاملین، ‘من کی بات’ کے شرکاء، ویر گاتھا پروجیکٹ کے فاتحین اور نیشنل اسکول بینڈ مقابلے میں کامیابی حاصل کرنے والے بچے شامل ہیں۔ یوتھ ایکسچینج پروگرام 2026 کے تحت غیر ملکی مندوبین، دوسری گلوبل بدھسٹ سمٹ 2026 میں شرکت کرنے والے بین الاقوامی اور ہندوستانی بھکشو وفود اور انٹرنیشنل اولمپیاڈ آن ایسٹرونومی اینڈ ایسٹرو فزکس (جونیئر) 2025 کے تمغہ یافتگان بھی ان تقریبات کا حصہ ہوں گے۔
0
