0

یوم جمہوریہ سے قبل کشمیر میں سیکورٹی ہائی الرٹ، وادی بھر میں سخت نگرانی

سری نگر،18جنوری(یو این آئی) یوم جمہوریہ کی آمد سے پہلے پوری وادی کشمیر میں سیکورٹی محاذ پر سرگرمیاں غیر معمولی طور پر تیز ہو گئی ہیں۔
ذرائع نے یو این آئی کو بتایا کہ سری نگر کے داخلی اور خارجی راستوں پر خصوصی ناکے قائم کر کے ہر قسم کی گاڑیوں اور مسافروں کی رینڈم چیکنگ کی جا رہی ہے۔ بائی پاس اور مرکزی شاہراہوں پر فورسز نہ صرف گاڑیوں کی تلاشی کر رہی ہیں بلکہ مشکوک افراد کی شناختی جانچ بھی مسلسل جاری ہے۔ حکام کے مطابق یہ اقدامات کسی بھی مشتبہ سرگرمی کا بروقت سراغ لگانے کے لیے انتہائی اہم ہیں، خصوصاً ایسے وقت میں جب دشمن عناصر کی جانب سے تخریب کاری کی کوششوں کے امکانات کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔
وادی میں یومِ جمہوریہ کی مرکزی تقریب اس سال بھی بخشی اسٹیڈیم میں منعقد ہونے والی ہے، اور اس مقام پر قائم کیے گئے سکیورٹی انتظامات کو فول پروف قرار دیا جا رہا ہے۔ اسٹیڈیم کے اندر اور باہر تین سطحی سکیورٹی گِرد بندی قائم ہے۔ ایک سینئر سکیورٹی افسر نے بتایا کہ فورسز کو سخت ہدایت دی گئی ہے کہ وہ تقریب کے دن تک الرٹ رہیں، اور کسی بھی مشتبہ نقل و حرکت یا سرگرمی کو معمولی سمجھ کر نظر انداز نہ کریں۔
وادی کے مختلف رہائشی علاقوں، سرکاری عمارتوں، کھلے میدانوں اور اہم تنصیبات میں گزشتہ کئی دنوں سے بڑے پیمانے پر سینیٹائزیشن کارروائیاں جاری ہیں۔ سرچ آپریشنز اور ایریا ڈومینیشن گشت میں بھی اضافہ کیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے کا قبل از وقت سد باب کیا جا سکے۔ متعدد اضلاع میں فورسز نے ماک سکیورٹی ڈرلز انجام دی ہیں، جن کا مقصد ہنگامی حالات میں فوری ردعمل کی صلاحیت کو جانچنا اور فعال رکھنا ہے۔
سیکورٹی ایجنسیوں کے مطابق آئی ای ڈی حملوں اور دیگر تخریبی سرگرمیوں کے خدشات کو مدنظر رکھتے ہوئے بم ڈسپوزل اسکواڈز، ڈاگ اسکواڈز اور ایلیٹ یونٹس فیلڈ میں مسلسل سرگرم ہیں۔ حکام نے واضح کیا ہے کہ کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی، اور تمام فورسز کو ہائی الرٹ رہنے کی سخت ہدایات جاری کی گئی ہیں۔
پولیس نے اس موقع پر عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ چیکنگ پوائنٹس پر فورسز سے تعاون کریں، شناختی کاغذات ساتھ رکھیں اور کسی بھی مشتبہ سرگرمی کی فوری اطلاع نزدیک ترین پولیس اسٹیشن یا ہیلپ لائن پر دیں۔ ایک پولیس افسر نے کہا کہ عوامی تعاون کے بغیر امن دشمن عناصر کے مذموم عزائم کو ناکام بنانا ممکن نہیں ہے، اس لیے شہریوں سے مدد اور تعاون ناگزیر ہے۔
سیکورٹی حکام کو یقین ہے کہ مشترکہ فورسز کی چوکسی، مربوط نگرانی اور سخت حفاظتی انتظامات کے نتیجے میں یوم جمہوریہ کی تقریبات وادی میں پُرامن ماحول میں انجام پائیں گی اور خطے کی امن و استحکام کی فضا برقرار رہے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں