دبئی،24 ستمبر(یو این آئی )
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے امریکہ کو معطل کردیا، یو ایس اے کرکٹ کی معطلی کا ورلڈکپ میں شرکت پر کوئی اثر نہیں ہوگا۔
امریکی ٹیم فروری میں ہندوستان اور سری لنکا میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کھیلے گی، آئی سی سی بورڈ نے ورچوئل میٹنگ میں یو ایس اے کرکٹ کو معطل کیا، یو ایس اے کرکٹ کی معطلی قیادت اور گورننس میں اصلاحات نہ کرنے پر کی گئی۔
آئی سی سی نے جولائی میں یو ایس اے کرکٹ کو 3 ماہ کا وقت دیا تھا، یو ایس اے کرکٹ کو آزاد اور شفاف الیکشن کرانے کی ہدایت کی گئی تھی۔
یو ایس اے کرکٹ پر جامع گورننس اصلاحات کرنے کی شرط عائد کی گئی تھی، یو ایس اے کرکٹ مسلسل جولائی 2024 سے آئی سی سی کے نوٹس پر تھا۔
یو ایس اے کرکٹ چیئرمین نے اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آئی سی سی نے براہ راست اطلاع نہیں دی۔
خبرایجنسی کا کہنا ہے کہ معطلی کا فوری اثر 2028 لاس اینجلس اولمپکس پر نہیں پڑےگا، تاہم امریکہ میں کرکٹ کے نیشنل گورننگ باڈی اسٹیٹس کے حصول کا عمل متاثر ہوگا۔
