0

حکومت نے نمدہ سازی کی بحالی کے لیے عوامی حمایت طلب کی

سری نگر،25ستمبر(یو این آئی) کشمیر میں نمدہ سازی کی قدیم روایت کو زندہ رکھنے اور کاریگروں کو سہولت فراہم کرنے کے لیے حکومت نے عوام سے بھرپور تعاون کی اپیل کی ہے۔ یہ اعلان ڈائریکٹوریٹ آف ہینڈی کرافٹس اینڈ ہینڈلوم، کشمیر کے ترجمان نے کیا، جو گزشتہ روز شائع ہونے والی یو این آئی کی مفصل رپورٹ کے بعد سامنے آیا، جس میں نمدہ سازی سے وابستہ افراد کی موجودہ مشکلات کو اجاگر کیا گیا تھا۔
ترجمان نے بتایا کہ حکومت نے نمدہ سازی کو جیومیٹریکل انڈیکیشن (جی آئی) کے تحت رجسٹریشن دلانے کا عمل مکمل کر لیا ہے، جو اس دستکاری کی اصلیت کو محفوظ رکھنے کے ساتھ ہی سستے، مشینی متبادل کے مقابلے میں اس کی مارکیٹ پوزیشن کو مضبوط کرے گا۔ جی آئی ٹیگ کے بعد توقع ہے کہ یہ صدیوں پرانی روایت دوبارہ مقبول ہوگی اور قومی و بین الاقوامی سطح پر اس کی پہچان بڑھے گی۔
ترجمان نے بتایا کہ ڈائریکٹوریٹ نے ماسٹر کاریگروں کو اپنے فلیگ شپ ’کارخندار اسکیم‘ کے فوائد حاصل کرنے کی ترغیب دی ہے، جس کا مقصد نوجوان نسل میں مہارت کی تربیت، صلاحیت سازی اور علم کی منتقلی ہے۔ اضلاع کے دفاتر کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ گریجویٹ تربیت یافتہ نوجوانوں کی بھرپور شمولیت یقینی بنائیں تاکہ اسکیم کے زمینی نفاذ کو مضبوط بنایا جا سکے۔ اس وقت محکمہ نو ایلیمنٹری اور دو ایڈوانس ٹریننگ سینٹرز نمدہ کے لیے چلا رہا ہے، جو مہارت کی تربیت اور علم کی منتقلی کا مضبوط فریم ورک فراہم کرتے ہیں۔
مزید برآں، کیپیکس بجٹ 2025–26 کے تحت 26.50 لاکھ روپے نمدہ کاری کے لئے ’یو این ڈی پی‘ سہولت پر موجود کارڈنگ مشین کی مرمت اور بحالی کے لیے مختص کیے گئے ہیں، جس سے اعلیٰ معیار کے خام مال کی بلا تعطل دستیابی یقینی ہوگی اور نمدہ کاری کی پیداوار مضبوط ہوگی۔
ترجمان نے عوام سے اپیل کی کہ وہ حکومت کی ’ووکَل فار لوکل‘ مہم کی حمایت کریں اور نمدہ سے بنی مصنوعات خرید کر کاریگروں کی حوصلہ افزائی کریں۔ انہوں نے کہا کہ اجتماعی حمایت کے بغیر نمدہ کاری کے کاریگر اپنے ہنر کو مستحکم نہیں رکھ سکتے، اور یہ قدیم دستکاری کشمیر کی ثقافتی شناخت کا لازمی حصہ ہے۔
واضح رہے کہ یو این آئی نے گزشتہ روز ایک مفصل رپورٹ شائع کی تھی، جس میں نمدہ سازی کے شعبے میں کام کرنے والے افراد کی مشکلات، محدود وسائل اور مارکیٹ کی کمی کو اجاگر کیا گیا تھا.

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں