جموں،5 اکتوبر(یو این آئی)جموں و کشمیر کے محکمہ تعلیم نے موسم کی سنگین صورتحال کے پیشِ نظر اہم فیصلہ کرتے ہوئے جموں ڈویژن کے تمام سرکاری و نجی اسکول دو روز کے لیے بند رکھنے کا اعلان کیا ہے۔
ڈائریکٹوریٹ آف اسکول ایجوکیشن جموں کی جانب سے جاری حکمنامے میں کہا گیا ہے کہ محکمہ موسمیات نے جموں صوبے کے مختلف اضلاع میں 6 اور 7 اکتوبر کو شدید سے انتہائی شدید بارش کی پیش گوئی کی ہے۔ اس کے پیشِ نظر طلبہ اور عملے کی حفاظت کے مدِنظر یہ فیصلہ لیا گیا ہے۔
محکمہ کی طرف سے جاری حکم نامے میں کہا گیا ہے: ’طلبہ اور اساتذہ کی جان و مال کی حفاظت اولین ترجیح ہے۔ لہٰذا، جموں ڈویژن کے تمام سرکاری اور نجی اسکول 6 اکتوبر (پیر) اور 7 اکتوبر (منگل) کو بند رہیں گے۔‘
حکام نے مزید کہا ہے کہ موسم کی صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے اور اگر ضرورت پڑی تو آئندہ دنوں میں مزید اقدامات بھی کیے جائیں گے۔
یاد رہے کہ محکمہ موسمیات نے پہلے ہی جموں و کشمیر کے بالائی اور میدانی علاقوں کے لیے موسم خراب رہنے کی ایڈوائزری جاری کی ہے۔
0
