سری نگر،5 اکتوبر(یو این آئی) سماجی رہنما سونم وانگچک نے عوام کے نام ایک پیغام میں کہا ہے کہ وہ جسمانی اور ذہنی طور پر بالکل ٹھیک ہیں اورانھوں نے لداخ کے آئینی حقوق کی جدوجہد کو پرامن طریقے سے جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ وہ اس وقت جودھپور سنٹرل جیل میں نظربند ہیں۔
وانگچک نے اپنے پیغام میں حالیہ پرتشدد احتجاجی واقعات میں ہونے والی ہلاکتوں پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے ایک آزاد عدالتی انکوائری کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ جب تک یہ انکوائری شروع نہیں کی جاتی وہ جیل میں رہنے کے لیے تیار ہیں۔
یہ بیان ان کے وکیل مصطفیٰ حاجی اور بڑے بھائی کا تسیتان دورجے لی نے میڈیا کو اس وقت دیا جب وہ گزشتہ روز جودھپور جیل میں وانگچک سے ملاقات کر کے باہر آئے۔
اپنے پیغام میں سونم وانگچک نے کہا: ’میں عوام کی دعاؤں اور ملک بھر سے ملنے والی نیک خواہشات کا شکر گزار ہوں۔ میری اپیل ہے کہ لوگ امن و اتحاد قائم رکھیں اور جدوجہد کو عدم تشدد اور گاندھیائی طریقے سے آگے بڑھائیں۔‘
انہوں نے مزید کہا: ’میں ایپکس باڈی، کرگل ڈیموکریٹک الائنس اور لداخ کے عوام کے ساتھ ہوں۔ ہماری آئینی مانگیں جائز ہیں اور میں ریاستی درجہ اور چھٹے شیڈول کے حصول کے لیے ان کے ہر فیصلے میں شریک ہوں۔‘
یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے لداخ میں پرتشدد احتجاج کے دوران چار افراد جاں بحق اور سو سے زائد زخمی ہوئے تھے، جس کے بعد سونم وانگچک کو نیشنل سکیورٹی ایکٹ کے تحت حراست میں لیا گیا۔ لداخ کی انتظامیہ نے ان پر الزام عائد کیا ہے کہ انہوں نے مظاہرین کو تشدد پر اکسانے میں کردار ادا کیا۔
0
