0

بی جے پی ہم سے سوال کرنے سے پہلے دس برسوں کا حساب دے: سکینہ یتو

سری نگر، 9 اکتوبر (یو این آئی) وزیر صحت و تعلیم سکینہ یتو کا کہنا ہے کہ ہم سے سوال کرنے کے بجائے بی جے پی کو چاہئے کہ وہ گذشتہ دس برسوں کا اپنا رپورٹ کارڈ پیش کرے۔
انہوں نے ساتھ ہی کہا: ‘ہم نے مشکلات کے باجود ایک برس میں کافی کچھ حاصل کیا جو بی جے پی گذشتہ دس برسوں میں حاصل نہیں کر سکی’۔
موصوف وزیر نے ان باتوں کا اظہار جمعرات کو یہاں نامہ نگاروں کے سوالوں کا جواب دینے کے دوران کیا۔
انہوں نے کہا: ‘بی جے پی کے بھی 28 ارکان اسمبلی ہیں وہ بھی اپنا رپورٹ کارڈ پیش کریں کہ انہوں نے اپنے اپنے حلقوں میں کون سے کام کئے ہیں کیونکہ دلی میں ان کی ہی حکومت ہے، پیسے بھی وہیں سے آتے ہیں اور وہیں سے پروجیکٹ بھی منظور ہوتے ہیں’۔
ان کا کہنا تھا: ‘ہمیں خوشی ہے کہ ایک سال میں اس سرکار جس کی قیادت عمر عبداللہ کر رہے ہیں، نے کافی کچھ حاصل کیا جتنا بی جے پی گذشتہ دس برسوں میں بھی حاصل نہیں کر سکی’۔
سکینہ یتو نے کہا کہ موجودہ حکومت نے کافی مشکلوں کے باوجود بھی کام کیا اور ہر محکمے میں کام ہوا۔
انہوں نے کہا: ‘بی جے پی کو پہلے اپنے دس برسوں کا حساب دینا چاہئے پھر ہم سے ایک سال کا رپورٹ کارڈ مانگنا چاہئے’۔
ان کا کہنا تھا: ‘بی جے پی نے گذشتہ دس برسوں میں ہماری شناخت ختم کی اور ایک پرانی ریاست کو دو حصوں میں منقسم کیا گیا’۔
وزیر تعلیم نے ریاستی درجے کی مانگ کو دہراتے ہوئے کہا کہ جموں وکشمیر کو ریاستی درجہ جلد از جلد واپس ملنا چاہئے۔
انہوں امید ظاہر کی کہ عدالت عظمیٰ میں جو فیصلہ ہوگا وہ جموں وکشمیر کے لوگوں کے حق میں ہوگا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں