اننت ناگ، 9 اکتوبر:کشمیر کے معروف دانشور، صحافی اور شاعر زاہد مختار جمعرات کی صبح انتقال کر گئے۔ خاندانی ذرائع کے مطابق، وہ گزشتہ تین برس سے مختلف بیماریوں میں مبتلا تھے اور زیادہ تر وقت اپنے گھر پر ہی گزارتے تھے۔
زاہد مختار نے صبح 7:30 بجے اپنے نئی بستی، اننت ناگ واقع رہائش گاہ پر آخری سانس لی۔ ان کی نمازِ جنازہ سہ پہر 3 بجے ادا کی جائے گی۔
زاہد مختار طویل عرصے تک کشمیر کی صحافتی، ادبی اور ثقافتی سرگرمیوں سے وابستہ رہے۔ وہ اپنے سنجیدہ تجزیاتی انداز، شعری ذوق، اور فکری گہرائی کے باعث وسیع حلقوں میں احترام کی نگاہ سے دیکھے جاتے تھے۔
ان کے انتقال سے کشمیر کی فکری اور ثقافتی برادری میں غم و سوگ کی فضا ہے۔ اہلِ قلم اور صحافتی برادری نے ان کی وفات کو ایک ناقابلِ تلافی نقصان قرار دیا ہے۔
