0

لہیہ میں امن و قانون کی صورتحال کو برقرار رکھنے کی خاطر فوری پابندیاں عائد:حکام

لہیہ، 17اکتوبر(یو این آئی)لہیہ کے ضلع مجسٹریٹ رومیل سنگھ ڈونک نے ضلع میں امن و قانون کی صورتحال کو برقرار رکھنے اور عوامی نظم و ضبط کے بگڑنے کے خدشے کے پیش نظر بھارتیہ ناگرک سرکشا سنہیتا 2023 کی دفعہ 163 کے تحت فوری طور پر پابندیاں نافذ کرنے کے احکامات صادر کیے ہیں۔
بتادیں کہ کرگل ڈیموکریٹک الائنس نے کل لداخ میں احتجاج کی کال دی ہے جس کے پیش نظر ایل جی انتظامیہ نے امتناعی احکامات نافذ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ ضلع پولیس کی جانب سے پیش کی گئی رپورٹ کے مطابق ضلع لہیہ میں امن و امان کو خطرہ لاحق ہونے، انسانی جانوں کو نقصان پہنچنے اور امن و قانون کی صورتحال بگڑنے کے امکانات ظاہر کیے گئے ہیں۔ اس پس منظر میں ضلع مجسٹریٹ نے کہا کہ امن عامہ اور عوام کے جان و مال کو تحفظ فراہم کرنے کی خاطر فوری احتیاطی اور اصلاحی اقدامات ناگزیر ہیں۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ضلع لہیہ میں درج ذیل پابندیاں عائد کی گئی ہیں:بغیر پیشگی اجازت کسی بھی قسم کے جلوس، ریلی یا عوامی اجتماع کا انعقاد نہیں کیا جا سکے گا۔کسی بھی شخص کو بغیر اجازت لاؤڈ اسپیکر یا صوتی آلات کے استعمال کی اجازت نہیں ہوگی۔کوئی بھی ایسا بیان یا تقریر جس سے عوامی امن و سکون میں خلل پڑنے یا اشتعال انگیزی پیدا ہونے کا خدشہ ہو، سختی سے ممنوع قرار دیا گیا ہے۔پانچ یا اس سے زائد افراد کا کسی مقام پر بغیر اجازت جمع ہونا بھی اس حکم کی خلاف ورزی تصور کیا جائے گا۔
یہ حکم ضلع لہیہ کے تحصیل حدود میں نافذ العمل رہے گا اور اس کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بھارتیہ ناگرک سرکشا سنہیتا کی دفعہ 223 کے تحت تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
ضلع انتظامیہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ امن و قانون کو برقرار رکھنے میں انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون کریں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں