نئی دہلی، 29 اکتوبر (یو این آئی) ہندوستان-روس بین حکومتی کمیشن برائے فوجی تعاون (آئی آر آئی جی سی۔ایم اینڈ ایم ٹی سی) کے ورکنگ گروپ کی 5ویں میٹنگ میں دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون کو مضبوط بنانے کے لیے وسیع بات چیت ہوئی۔
وزارت دفاع نے بدھ کے روز ایک بیان میں کہا کہ دو روزہ اجلاس، جو منگل کے روز شروع ہوا، اس کی مشترکہ صدارت چیف آف انٹیگریٹڈ ڈیفنس اسٹاف ایئر مارشل آشوتوش دکشت اور روسی مسلح افواج کے جنرل اسٹاف کے مین آپریشنز ڈائریکٹوریٹ کے ڈپٹی چیف لیفٹیننٹ جنرل ڈالیوسکی ایگور نکولاایویچ نے کی۔ بات چیت میں دونوں فریقوں کے درمیان دفاعی تعلقات کو مضبوط بنانے پر توجہ مرکوز کی گئی اور دو طرفہ تعاون کے موجودہ میکانزم کے فریم ورک کے اندر نئے اقدامات پر غور کیا گیا۔
ورکنگ گروپ کا اجلاس روسی وزارت دفاع کے ہیڈ کوارٹرز، انٹیگریٹڈ ڈیفنس اسٹاف اور بین الاقوامی فوجی تعاون کے مین ڈائریکٹوریٹ کے درمیان باقاعدہ بات چیت کے ذریعے دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون کو آگے بڑھانے کے باقاعدہ انتظامات کا حصہ ہے۔
0
