0

کاٹھی دروازہ میں دو پولٹری فارم فعال، بدبو یا بیماری کی کوئی اطلاع نہیں:حکومت

سری نگر30اکتوبر(یو این آئی) جموں و کشمیر حکومت نے واضح کیا ہے کہ زڈی بل اسمبلی حلقے کے بادام واری کے نزدیک کاٹھی دروازہ علاقے میں محکمہ مویشی پروری کشمیر کے دو فعال پیرنٹ بریڈنگ فارم ، پولٹری پروجیکٹ اور بروئلر پروجیکٹ قائم ہیں، تاہم ان فارموں سے کسی قسم کی بدبو، ماحولیاتی آلودگی یا بیماری کی کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے۔
اسمبلی میں رکنِ اسمبلی تنویر صادق کے سوال کے جواب میں حکومت نے کہا کہ ان فارموں میں کسی قسم کی کھاد استعمال نہیں کی جاتی۔ مردہ پرندوں کو ماہر ویٹرنری ڈاکٹر کی نگرانی میں پوسٹ مارٹم کے بعد گہرے گڑھوں میں دفن کیا جاتا ہے، تاکہ ماحولیاتی معیار پر مکمل عمل ہو۔
جواب میں مزید کہا گیا کہ فارموں میں جدید لٹر مینجمنٹ سسٹم رائج ہے، جس کے تحت تیار شدہ فضلہ زرعی کھاد کے طور پر فروخت کیا جاتا ہے۔ فارم کے عملے کی جانب سے باقاعدہ صفائی، جراثیم کشی، اور حیاتیاتی تحفظ کے اقدامات کو یقینی بنایا جاتا ہے تاکہ عوامی صحت متاثر نہ ہو۔
حکومت نے کہا کہ ڈائریکٹوریٹ آف ہیلتھ سروسز کشمیر یا کسی اور ادارے سے ان فارموں سے متعلق کسی بیماری یا ماحولیاتی مسئلے کی کوئی رپورٹ موصول نہیں ہوئی۔
حکومت نے مزید واضح کیا کہ فی الحال ان میں سے کسی فارم کو سری نگر کے مضافات میں منتقل کرنے کا کوئی منصوبہ نہیں ہے اور نہ ہی متعلقہ اراضی کو کسی دیگر عوامی مقصد کے لیے استعمال کرنے کا کوئی ارادہ ظاہر کیا گیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں