سری نگر30اکتوبر(یو این آئی)موسم سرما کے پیش نظر جموں و کشمیر حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ ہوم ڈپارٹمنٹ کے تحت آنے والے اہم دفاتر سردیوں کے دوران بیک وقت سرینگر اور جموں دونوں مقامات سے کام کریں گے۔
ہوم ڈپارٹمنٹ کی جانب سے جاری حکم نامے کے مطابق اس انتظام میں پولیس ہیڈکوارٹر، پریزنز ہیڈکوارٹر، ڈائریکٹوریٹ آف پروسیکیوشن، پولیس ہاؤسنگ کارپوریشن، ہوم گارڈز، سول ڈیفنس و ایس ڈی آر ایف، فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز، فارنزک سائنس لیبارٹری، ساینک ویلفیئر اور ڈیفنس لیبر پروکیورمنٹ دفاتر شامل ہیں۔
حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ تمام محکماتی سربراہان اس بات کو یقینی بنائیں کہ افسران اور ملازمین کی منصفانہ دستیابی دونوں مقامات پر برقرار رہے تاکہ سردیوں کے دوران دفتری کام کا تسلسل متاثر نہ ہو۔
یہ انتظام اس روایت کے تسلسل میں ہے جس کے تحت جموں و کشمیر میں موسم سرما کے دوران حکومتی دفاتر جزوی طور پر جموں منتقل کیے جاتے ہیں تاکہ برفباری اور موسمی مشکلات کے باوجود انتظامی امور میں رکاوٹ نہ آئے۔
0
