سری نگر،2 نومبر(یو این آئی) سری نگر میں جاری ’انڈین ہیون پریمیئر لیگ‘ (آئی ایچ پی ایل) ٹی 20 کرکٹ ٹورنامنٹ شدید بد انتظامی اور تنازعات کی زد میں آگیا ہے، جب متعدد ملکی و بین الاقوامی کھلاڑیوں نے واجب الادا رقوم نہ ملنے کے باعث میچوں کا بائیکاٹ کرتے ہوئے کھیلنے سے انکار کر دیا۔
ذرائع کے مطابق لیگ میں شامل کئی کھلاڑیوں نے عدم ادائیگی پر احتجاج کیا ہے، جس کے نتیجے میں ہفتہ اور اتوار کو بخشی اسٹیڈیم میں طے شدہ میچ بھی منسوخ کر دیے گئے۔ متعدد کھلاڑیوں کو منتظمین کی جانب سے مطلع کیا گیا کہ تکنیکی وجوہات کی بنا پر وہ میدان نہ آئیں۔
مقامی کھلاڑیوں کے ساتھ ساتھ بیرونی ریاستوں سے آئے کرکٹرز نے بھی عدم شفافیت، معاہدوں میں بے ضابطگیوں اور واجب الادا رقوم کی عدم ادائیگی پر شدید ناراضگی ظاہر کی ہے۔ ایک کھلاڑی نے بتایا کہ جب انہوں نے اپنے منیجر سے میچ کی بابت دریافت کیا تو انہیں کہا گیا کہ تکنیکی مسائل کی وجہ سے کھیل ملتوی کر دیا گیا ہے۔
دوسری جانب جموں و کشمیر اسپورٹس کونسل کے ایک سینئر عہدیدار نے واضح کیا ہے کہ اس لیگ سے حکومت یا کونسل کا کوئی لینا دینا نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسٹیڈیم صرف کرایہ پر فراہم کیا گیا تھا اور اس کے عوض مقررہ فیس وصول کی گئی۔
اطلاعات کے مطابق کئی بین الاقوامی کھلاڑی پہلے ہی سرینگر چھوڑ چکے ہیں، جبکہ کچھ کھلاڑی اب بھی ایک مقامی ہوٹل میں مقیم ہیں اور انہیں باہر جانے سے روکا گیا ہے۔ ایک کھلاڑی نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ ’ہمیں ہوٹل میں ہی رہنے کو کہا گیا ہے، کیونکہ منتظمین نے معاملہ حل ہونے تک باہر نہ نکلنے کی ہدایت دی ہے۔‘
مزید برآں، کیٹرنگ عملے، بس ڈرائیوروں اور دیگر اسٹاف نے بھی عدم ادائیگی کی شکایت کی ہے۔ اطلاعات کے مطابق بعض منتظمین گزشتہ رات ہوٹل چھوڑ کر جا چکے ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ اس نجی لیگ کو وادی کے ایک معروف کرکٹر کی جانب سے فروغ دیا جا رہا تھا، تاہم اب یہ ٹورنامنٹ مالی بحران اور انتظامی بد نظمی کی وجہ سے مکمل طور پر غیر یقینی صورتحال سے دوچار ہے۔
0
