جموں، 11 نومبر (یو این آئی) سخت سیکورٹی بند وبست کے بیچ نگروٹہ اسمبلی ضمنی انتخاب میں 10 امیدواروں کی قسمت کا فیصلہ کرنے کے لیے منگل کی صبح سے ہی ووٹنگ کا سلسلہ انتہائی جوش و خروش اور پر امن طریقے سے جاری ہے اور دن کے 1 بجے تک 52 فیصد سے زیادہ ووٹنگ ریکارڈ ہوئی ہے۔
حکام نے بتایا کہ حلقے کے تمام پولنگ مراکز پر صبح 7 بجے پولنگ کا عمل شروع ہوگیا جو شام 6 بجے اختتام پذیر ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ حلقے میں 97 ہزار سے زیادہ ووٹروں کی سہولیت کے لئے کل 150 پولنگ مراکز قائم کئے گئے ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ دن کے 1 بجے تک مجموعی طور پر ووٹنگ کی 52.44 فیصد ریکارڈ ہوئی ہے۔
نگروٹہ کی نشست بی جے پی کے سینئر لیڈر دیویندر سنگھ رانا کے انتقال کے بعد خالی ہوئی تھی۔
اس نشست پر جو 10 امیدوار اپنی قسمت آزمائی کر رہے ہیں، ان میں دیوی یانی رانا جو آنجہانی دیویندر سنگھ رانا کی بیٹی ہیں، نیشنل کانفرنس کی شمیمہ بیگم اور جموں و کشمیر نیشنل پنتھرس پارٹی (انڈیا) کے صدر اور سابق وزیر ہرش دیو سنگھ خاص طور پر قابل ذکر ہیں۔ یہاں سہ رخی مقابلہ متوقع ہے۔
دیویندر سنگھ رانا نے سال 2014 اور 2024 میں اس نشست پر کامیابی کا پرچم لہرایا تھا۔
دریں اثنا پر امن اور ہموار پولنگ کو یقینی بنانے کے لئے سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔
0
