0

کشمیر میں ماہ رواں کے اختتام تک موسم خشک رہنے کا امکان، سردیاں بڑھنے کی توقع

سری نگر، 20 نومبر (یو این آئی) ٹھٹھرتی سردیوں کے بیچ محکمہ موسمیات نے وادی کشمیر میں ماہ رواں کے اختتام تک موسم خشک رہنے کی پیش گوئی کی ہے۔
متعلقہ محکمے کے ایک ترجمان نے بتایا کہ وادی میں 20 سے یکم دسمبر تک موسم عام طور پر خشک رہنے کا امکان ہے۔
انہوں نے کہا کہ وادی میں 2 اور 3 دسمبر کو مطلع عام طور پر ابر آلود رہ سکتا ہے اور اس دوران دوپہر کے بعد پہاڑی علاقوں میں کہیں کہیں ہلکی برف باری متوقع ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ بعد میں 4 سے 10 دسمبر تک موسم ایک بار پھر عام طور پر خشک رہنے کا امکان ہے۔
محکمے نے اپنی ایڈوائزری میں کہا کہ کشمیر کے کئی علاقوں میں اور جموں صوبے کے کچھ حصوں میں صبح اور شام کے وقت ہلکی دھند چھائی رہ سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ وادی میں 22 نومبر کے بعد درجہ حرارت میں 1 سے 2 ڈگری سینٹی گریڈ گراوٹ درج ہوسکتی ہے۔
ادھر وادی میں شبانہ سردیوں کا زور جاری ہے جس سے لوگ گوناگوں مشکلات سے دوچار ہیں۔
گرمائی دارلحکومت سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت منفی0.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔
وادی کے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت منفی2.0 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ گلمرگ میں شبانہ درجہ حرارت 1.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔
سرحدی ضلع کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی1.6 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ گیٹ وے آف کشمیر کے نام سے مشہور قصبہ قاضی گنڈ میں شبانہ درجہ حرارت منفی0.7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں