سری نگر،20 نومبر(یو این آئی) جموں و کشمیر پولیس نے جمعرات کو نوگام پولیس اسٹیشن میں پیش آئے حالیہ دھماکے سے متعلق سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی مختلف قیاس آرائیوں اور غیر مصدقہ دعووں کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے انہیں ’گمراہ کن اور بے بنیاد‘ قرار دیا ہے۔
پولیس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ دھماکے کے حوالے سے متعدد غیر تصدیق شدہ پوسٹس عوام میں غلط فہمیاں پھیلانے کا سبب بن رہی ہیں۔ بیان کے مطابق، 14 نومبر 2025 کو پیش آیا دھماکہ حادثاتی تھا، جو برآمد شدہ بارودی مواد کے نمونے جمع کرنے کے دوران پیش آیا۔ اس عمل میں فارنزک سائنس لیبارٹری کے ماہرین مصروف تھے جب اچانک یہ واقعہ پیش آیا۔
پولیس نے مزید بتایا کہ 16 نومبر کو حکومتِ جموں و کشمیر نے اس معاملے کی جامع تحقیقات کے لیے ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دی ہے۔ اس کمیٹی کی سربراہی پرنسپل سیکرٹری داخلہ کر رہے ہیں، جبکہ دیگر ارکان میں انسپکٹر جنرل آف پولیس کشمیر زون، ضلع مجسٹریٹ سرینگر، اور سینٹرل فارنسک سائنس لیبارٹری (حکومتِ ہند) کے ایک سینئر سائنس دان شامل ہیں۔
پولیس نے عوام سے تاکید کی ہے کہ وہ غیر مصدقہ اطلاعات کے پھیلاؤ سے گریز کریں اور صرف سرکاری ذرائع سے جاری ہونے والی تصدیق شدہ معلومات پر ہی انحصار کریں۔
0
