جموں،3دسمبر(یو این آئی) جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کی صدارت میں بدھ کی صبح کابینہ کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں مختلف محکموں کی کئی اہم تجاویز کو منظوری دی گئی۔ اجلاس صبح 9 بجے وزیر اعلیٰ کی جموں رہائش گاہ پر منعقد ہوا، جس میں بالخصوص محکمہ تعمیراتِ عامہ میں افسران کی ترقیوں سے متعلق تفصیلی بحث کے بعد منظوری دی گئی۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ اجلاس میں محکمہ بجلی، ریزرویشن پالیسی اور سردیوں کی تیاریوں سے متعلق امور پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔ اس دوران لائیو اسٹاک اور فشریز سیکٹر سے جڑے کوآپریٹو سوسائٹیز کو مضبوط کرنے کے لیے مالی امداد کی منظوری بھی دی گئی۔
کابینہ وزیر جاوید رانا نے اجلاس کے بعد صحافیوں کو بتایا کہ کئی اہم ایجنڈے منظور کیے گئے، جن میں آر اینڈ بی محکمے کے افسران کی سینیارٹی کی توثیق اور ترقیوں کا معاملہ سب سے نمایاں رہا۔
انہوں نے بتایا کہ کابینہ نے جموں و کشمیر اینمل پروٹیکشن بورڈ کے قیام کی بھی منظوری دے دی ہے، جس کا مقصد مویشیوں کی فلاح و بہبود، جانوروں سے متعلق قوانین کی مؤثر نگرانی اور متعلقہ محکموں کے درمیان ہم آہنگی کو مضبوط بنانا ہے۔
اس دوران مختلف محکموں میں کام کرنے والے ڈیلی ویجرز کے مسئلے پر بھی غور کیا گیا۔ جاوید رانا نے بتایا کہ چیف سیکریٹری کو جلد از جلد جامع رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
انہوں نے کہا، ’ڈیلی ویجرز کا معاملہ بڑا اور حساس ہے۔ حکومت ان کے ساتھ انصاف کرنے کی پابند ہے، اس لیے فیصلہ سازی کے لیے تفصیلی رپورٹ جلد طلب کی گئی ہے۔‘
ذرائع کے مطابق اجلاس کے اختتام پر تمام محکموں کو ہدایت دی گئی کہ زیر التوا رپورٹس جلد جمع کرائی جائیں اور آج منظور شدہ فیصلوں پر فوری عملدرآمد یقینی بنایا جائے، تاکہ عوامی خدمات اور انتظامی نظام میں بہتری لائی جا سکے۔
0
