جموں،04دسمبر(یو این آئی) جموں و کشمیر اینٹی کرپشن بیورو نے آج ایک بڑی کارروائی انجام دیتے ہوئے ادھمپور ضلع میں ایک پٹواری اور چوکیدار کو 10 ہزار روپے رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا۔ گرفتار شدگان کی شناخت گنڈھیرب سنگھ پٹواری حلقہ تھلورا، تحصیل مجالتا اور کلدیپ کمار چوکیدار کے طور پر ہوئی ہے۔
اے سی بی کے مطابق دونوں سرکاری اہلکاروں کے خلاف انسدادِ رشوت ستانی ایکٹ 1988 کی دفعہ 7 اور بی این ایس 2023 کی دفعہ 61کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔
بیورو کے ایک اعلیٰ افسر نے بتایا کہ ایک شہری نے تحریری شکایت میں الزام عائد کیا تھا کہ پٹواری اس کے ریونیو ریکارڈ میں نام کی درستی کے عوض 10 ہزار روپے رشوت کا مطالبہ کر رہا ہے۔ شکایت موصول ہوتے ہی اے سی بی نے خفیہ طور پر تصدیق کی جو درست پائی گئی، جس کے بعد باقاعدہ ایف آئی آر درج کرکے تحقیقات شروع کی گئیں۔
تحقیقات کے بعد ڈی ایس پی کی قیادت میں ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی۔ ٹیم نے پلان کے مطابق کارروائی کرتے ہوئے پٹواری اور چوکیدار دونوں کو آزاد گواہوں کی موجودگی میں رشوت وصول کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑ لیا۔ موقع پر ہی رشوت کی رقم بھی برآمد کرلی گئی۔
مزید یہ کہ اے سی بی نے پٹواری کی رہائش گاہ واقع کھون، مجالتا پر بھی عدالتی مجسٹریٹ کی موجودگی میں چھاپہ مار کارروائی انجام دی، جہاں متعلقہ شواہد کے حصول کے لیے مزید سرچ کی گئی۔
اینٹی کرپشن بیورو کے مطابق معاملے کی مزید تفتیش جاری ہے۔
0
