0

وادی کے بالائی علاقوں میں تازہ برف باری، سونمرگ لداخ شاہراہ عارضی طور بند

سری نگر،08دسمبر(یو این آئی) وادی کشمیر کے بالائی علاقوں میں اتوار کی شب تازہ برف باری ہوئی، جس کے باعث سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہوا جبکہ سونمرگ لداخ (سری نگر–لیہہ) قومی شاہراہ پر ٹریفک کی آمد و رفت متاثر ہوئی۔
ذرائع نے بتایا کہ سونمرگ، زوجیلا، بالتل اور تھجواس کے بالائی حصوں میں ہلکی اور تازہ برف باری ریکارڈ کی گئی، جبکہ کرگل ضلع کے دراس، منی مرگ اور گُمری علاقوں میں بھی برف کی نئی پرت نے سرد موسم کو مزید سخت کردیا۔
تازہ برف جمع ہونے کے بعد انتظامیہ نے احتیاطی طور سونمرگ لداخ شاہراہ پر گاڑیوں کی نقل و حرکت عارضی طور روک دی۔ ٹریفک پولیس کے ایک افسر نے بتایا کہ زوجیلا پاس پر برف باری کے سبب سڑک پھسلن زدہ ہوگئی ہے، جس کے بعد حادثات سے بچنے کیلئے ٹریفک کو فوری طور بند کرنا ضروری تھا۔
افسر کے مطابق بارڈر روڈز آرگنائزیشن نے زوجیلا کے مختلف مقامات پر برف ہٹانے کا کام شروع کردیا ہے، تاہم شاہراہ کی بحالی کا انحصار موسم کی صورتحال پر ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تازہ برف باری اور سخت سردی کے باعث سونمرگ کی سڑکوں پر صبح کے وقت شدید پھسلن تھی، جس نے مسافروں کی مشکلات میں اضافہ کیا۔
انتظامیہ نے برفانی علاقوں کی طرف سفر کرنے والے ڈرائیوروں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ اپنی گاڑیوں میں سنو چینز کا استعمال کریں، تاکہ پھسلن زدہ سڑکوں پر بہتر گرفت قائم رہے اور حادثات کا خطرہ کم ہو سکے۔ شہریوں سے یہ بھی اپیل کی گئی ہے کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور صرف ناگزیر صورت میں ہی گاڑی لے کر نکلیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں