سری نگر، 8دسمبر(یو این آئی)گاندربل پولیس نے امرناتھ جی یاترا–2025 کے دوران نو فلائی زون کی سنگین خلاف ورزی سے جڑے ایک حساس کیس کو کامیابی کے ساتھ حل کرلیا ہے۔ یاترا کے دوران ممنوعہ فضائی حدود میں پرواز کرتا ہوا ایک ڈرون سکیورٹی فورسز نے بروقت مار گرایا، جس سے کسی ممکنہ خطرے کو ٹالنے میں مدد ملی۔
مرکزی وزارتِ داخلہ کی ہدایات کے مطابق پورے یاترا راستے کو سختی کے ساتھ نو ڈرون زون قرار دیا گیا تھا تاکہ یاترا کی سکیورٹی میں کوئی رخنہ نہ پڑے اور لاکھوں عقیدت مند محفوظ ماحول میں یاترا مکمل کرسکیں۔
واقعے کے بعد پولیس اسٹیشن گنڈ میں ایف آئی آر درج کرکے معاملے کی گہرائی سے تفتیش شروع ہوئی۔ ایس ایس پی گاندربل خلیل احمد پسوال کی نگرانی میں ماہرین کی ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی جس نے ضبط شدہ ڈرون کا مکمل فارنسک تجزیہ کیا۔ اس تجزیے کے ذریعے ڈرون کے آپریشنل ڈیٹا کو کامیابی کے ساتھ بازیاب کیا گیا، جو کیس کی پیش رفت میں فیصلہ کن ثابت ہوا۔
فارنسک رپورٹ کی بنیاد پر پولیس نے ڈرون چلانے میں ملوث دو افراد کی شناخت اویس منیر خان ولد منیر احمد خان، ساکن صنعت نگر سرینگر اور فیروز احمد نینگرو ولد عبدالرشید نینگرو، ساکن منور آباد خانیار سرینگر کے طور پر ہوئی۔
پولیس کے مطابق دونوں افراد نے بغیر اجازت اور سکیورٹی قوانین کی کھلی خلاف ورزی کرتے ہوئے ڈرون کو ممنوعہ، حساس علاقے میں اڑایا تھا۔ دونوں ملزمان کو گرفتار کرکے قانونی کارروائی مکمل کرتے ہوئے عدالت کے روبرو پیش کیا گیا، جہاں ان کے خلاف چارج شیٹ بھی داخل کر دی گئی ہے۔
گاندربل پولیس نے اس واقعے کو ایک سنگین سکیورٹی چیلنج قرار دیتے ہوئے کہا کہ یاترا کے دوران پوری فورس ہائی الرٹ پر رہتی ہے اور کسی بھی مشتبہ سرگرمی پر فوری کارروائی کی جاتی ہے تاکہ کوئی مخالف یا تخریبی عنصر یاترا میں خلل نہ ڈال سکے۔
0
