جموں، 8دسمبر(یو این آئی)ڈوڈہ کے حساس اور پہاڑی خطے میں دہشت گردی کے ممکنہ خطرات کے پیشِ نظر فوج نے اپنی زمینی تیاریوں اور آپریشنل حکمتِ عملی کا بڑے پیمانے پر جائزہ لیا۔ وائٹ نائٹ کور کے کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل پی کے مشرا نے پیر کو گندوہ کا دورہ کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ فورسز کو ہر لمحہ الرٹ، فیصلہ کن اور مسلسل آپریشنل پیش قدمی کی حالت میں رہنا ہوگا تاکہ ابھرتے چیلنجز کا بروقت اور مؤثر جواب دیا جاسکے۔
ضلع ڈوڈہ میں بڑھتی سکیورٹی ضروریات کے تناظر میں فوج نے آج ایک اہم جائزہ اجلاس منعقد کیا جس کے دوران آپریشنل تیاریوں، چیلنجوں اور آئندہ حکمتِ عملی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر وائٹ نائٹ کور کے کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل پی کے مشرا نے فرنٹ لائن فوجیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ علاقے میں بدلتی صورتحال کے سبب فورسز کو نہ صرف چوکس رہنے کی ضرورت ہے بلکہ دہشت گردی کے خلاف کارروائیوں میں ’مسلسل، ٹھوس اور مستقبل پر مبنی اپروچ‘ اپنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
انہوں نے اہلکاروں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ پہاڑی علاقوں میں آپریشنز ہمیشہ مشکل ہوتے ہیں، تاہم اعلیٰ پیشہ ورانہ مہارت، واضح حکمتِ عملی اور مضبوط ٹیم ورک ہی فوج کی اصل طاقت ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ فورسز کو کسی بھی ممکنہ خطرے کے جواب میں تیز، درست اور بھرپور ردعمل دینے کے لیے ہر وقت تیار رہنا چاہیے۔
لیفٹیننٹ جنرل مشرا کے ہمراہ کاؤنٹر انسرجنسی فورس ڈیلٹا کے جی او سی میجر جنرل اے پی ایس بلبیر بھی موجود تھے جنہوں نے علاقے میں گزشتہ ہفتوں کے دوران کی گئی کارروائیوں اور موجودہ سکیورٹی تعیناتی پر تفصیلی روشنی ڈالی۔
0
