سری نگر،13دسمبر(یو این آئی) ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس، جنوبی کشمیر رینج، جاوید اقبال متو (آئی پی ایس) نے آج ڈسٹرکٹ پولیس آفس اننت ناگ میں ایک اہم کرائم و سیکیورٹی میٹنگ کی صدارت کی، جس میں ضلع میں امن و قانون کی صورتحال اور مجموعی سیکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
میٹنگ کے دوران ڈی آئی جی جنوبی کشمیر نے ضلع اننت ناگ میں جرائم کی مجموعی صورتحال، لاء اینڈ آرڈر، اور سیکیورٹی بندوبست پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے پولیس افسران پر زور دیا کہ پیشگی اور مؤثر پولیسنگ، عوامی شراکت داری اور جرائم کے خلاف بلا امتیاز سخت کارروائی کو اولین ترجیح دی جائے۔
ڈی آئی جی نے انٹیلی جنس نیٹ ورک کو مزید مضبوط بنانے، فیلڈ یونٹس کے درمیان بہتر تال میل قائم رکھنے اور کسی بھی ابھرتے ہوئے سیکیورٹی چیلنج سے نمٹنے کے لیے فوری اور مؤثر ردعمل کو یقینی بنانے کی ہدایت دی۔ انہوں نے منشیات کی لعنت، سائبر کرائم اور دیگر سماجی برائیوں کے خلاف کارروائیوں میں تیزی لانے پر خصوصی زور دیا، ساتھ ہی عوامی تحفظ اور اعتماد سازی کے اقدامات کو بھی ناگزیر قرار دیا۔
ڈی آئی جی جاوید اقبال متو نے اننت ناگ پولیس کی پیشہ ورانہ کارکردگی اور لگن کی ستائش کرتے ہوئے افسران کو تلقین کی کہ وہ امن و امان کے قیام اور عوام کی جان و مال کے تحفظ کے لیے پوری دیانت داری، عزم اور پیشہ ورانہ صلاحیت کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں انجام دیتے رہیں۔
یو این آئی، ارشید بٹ
