0

لداخ میں بلک پیٹرولیم اسٹوریج فیسیلٹی سے فوج کی رسد سپلائی اور آپریشنل تیاری مضبوط ہوگی

نئی دہلی، 22 دسمبر (یو این آئی) لداخ کے انتہائی بلند علاقوں میں فوج کی رسد، سازوسامان اور آپریشنل تیاریوں کو مستحکم بنانے کے لیے تیل و گیس کے شعبے کی مہارتن کمپنی انڈین آئل کارپوریشن (آئی او سی) نے فوج کے تعاون سے پیٹرولیم ذخیرہ کرنے کی سہولت قائم کی ہے۔
انتہائی نامساعد موسمی حالات اور دشوار گزار جغرافیائی ماحول میں کام کرنے کے لیے تیار کی گئی یہ سہولت آگے کےعلاقوں میں فوجی کارروائیوں کے لیے ایندھن کی یقینی دستیابی فراہم کرے گی۔ اس سے فوجیوں کی نقل و حرکت، برداشت اور جنگی تیاری میں اضافہ ہوگا، جبکہ شدید سردیوں کے دوران شہری ضروریات کے لیے توانائی کے تحفظ کو بھی تقویت ملے گی۔
آئی او سی کے چیئرمین اروِندر سنگھ سہنے نے پیر کے روز سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر کہا کہ یہ سہولت انتہائی بلند اور اگلے محاذی علاقوں میں ایندھن کی سلامتی اور رسد سپلائی کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ ’’لداخ میں یہ سہولت انتہائی بلند علاقوں میں توانائی کے تحفظ کو نمایاں طور پر مضبوط کرے گی اور اگلے علاقوں میں ایڈوانسڈ ونٹر اسٹاکنگ آپریشنز کو سہارا دے گی۔ آئی او سی قومی ترجیحات کی تکمیل کے لیے قابلِ اعتماد توانائی حل فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔‘‘
اس سے قبل پیٹرولیم اور قدرتی گیس کے وزیر ہردیپ سنگھ پوری نے بھی ایکس پر پوسٹ کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہندوستان کی سرکردہ مہارتن کمپنی آئی او سی نے فوج کے ساتھ مل کر لداخ میں ایک بلک پیٹرولیم اسٹوریج فیسیلٹی کا افتتاح کیا ہے، جس سے انتہائی بلند علاقوں میں توانائی کی سلامتی کو مزید تقویت ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ یہ تنصیب دشوار گزار خطے کے لیے خاص طور پر تیار کی گئی ہے اور ہندوستان کے ایڈوانسڈ ونٹر اسٹاکنگ آپریشنز کو توانائی فراہم کرتے ہوئے اگلے علاقوں میں آپریشنل تیاری کو نمایاں طور پر بہتر بنائے گی۔‘‘
انہوں نے اپنی پوسٹ کے ساتھ ڈِپو اور اس کی جدید ترین فیول ڈسپنسنگ سسٹم کی ایک ویڈیو بھی شیئر کی۔
آئی او سی لیہہ کے قریب 3400 میٹر سے زائد بلندی پر ایک بلک پیٹرولیم اسٹوریج فیسیلٹی چلاتی ہے اور ضلع لیہہ کے پھے گاؤں میں دنیا کا سب سے بلند ایل پی جی بوتلنگ پلانٹ بھی قائم ہے۔ یہ سہولت فوج کے ساتھ ساتھ دور دراز شہری علاقوں کو بھی ایندھن فراہم کرتی ہے۔
آئی او سی نے لداخ کے لیے خصوصی طور پر تیار کردہ ’ونٹر ڈیزل‘ بھی متعارف کرایا ہے، جو منفی 33 ڈگری سیلسیس تک کے درجۂ حرارت میں بھی مؤثر رہتا ہے۔ اس سے شدید سردیوں کے دوران خطے میں گاڑیوں کی بلا تعطل آمد و رفت اور رسد سپلائی کو یقینی بنایا جاتا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں