جموں،26دسمبر(یو این آئی) جموں و کشمیر کے ضلع سانبہ میں پولیس نے منشیات سے متاثرہ مقامات پر اچانک کارروائی کرتے ہوئے 16 افراد کو حراست میں لے کر ضلع جیل کٹھوعہ منتقل کردیا ہے۔ یہ کارروائی جمعہ کے روز خفیہ اطلاع کی بنیاد پر انجام دی گئی۔
سرکاری ذرائع کے مطابق پولیس نے تحصیل وجے پور کے رکھ بروٹیاں علاقے میں آپریشن چلایا، جو منشیات سے متعلق سرگرمیوں کے لیے بدنام ہے۔ کارروائی کے دوران بعض بے گھر افراد مشکوک حالت میں گھومتے ہوئے پائے گئے، جنہیں موقع پر ہی حراست میں لے لیا گیا۔
پولیس کے مطابق تمام 16 افراد کو بھارتیہ ناگرک سرکشا سنہیتا کی احتیاطی دفعات کے تحت ڈسٹرکٹ جیل کٹھوعہ بھیج دیا گیا ہے۔کارروائی کا مقصد منشیات سے منسلک سرگرمیوں کو جڑ سے ختم کرنا اور علاقے میں قانون و نظم کو مضبوط کرنا ہے۔
واضح رہے کہ سانبہ اور اس کے ملحقہ علاقوں میں گزشتہ کچھ عرصے میں منشیات کے خلاف سخت کاروائیاں بڑھا دی گئی ہیں تاکہ نوجوان نسل کو اس لعنت سے محفوظ رکھا جا سکے۔
0
