سری نگر،27دسمبر(یو این آئی) جموں و کشمیر پولیس نے شمالی کشمیر کے مشہور سیاحتی مقام گلمرگ میں برف پر خطرناک کرتب بازی کرنے کے الزام میں دو افراد، جن میں ایک معروف سوشل میڈیا انفلوئنسر بھی شامل ہے، کے خلاف مقدمہ درج کیا ہے۔
پولیس کے مطابق پولیس اسٹیشن گلمرگ میں ایف آئی آر درج کی گئی ہے، جس میں بھارتیہ نیائے سنہیتا کی دفعات 281 (بے احتیاط اور لاپرواہ ڈرائیونگ) اور 125 (زندگی یا ذاتی حفاظت کو خطرے میں ڈالنے کا عمل)، جبکہ موٹر وہیکلز ایکٹ کی دفعہ 184 بھی شامل کی گئی ہے۔ ملزمان کی شناخت اماد الرحمٰن میاں اور محمد منظرین کلو، ساکنان سرینگر، کے طور پر ہوئی ہے۔
پولیس نے بتایا کہ دونوں افراد برف سے ڈھکی سڑکوں پر خطرناک اور تیز ڈرائیونگ میں ملوث پائے گئے، جس سے پیدل چلنے والوں اور دیگر شہریوں کی جان کو شدید خطرہ لاحق ہوا۔ واقعہ میں ملوث گاڑیوں کو موقع پر ہی ضبط کر لیا گیا اور قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔
اماد، جو ’اماد کلکس‘ نامی فوٹوگرافی فرم کے مالک اور سوشل میڈیا انفلوئنسر ہیں، اس سے قبل بھی قانون کی زد میں آ چکے ہیں۔ 5 اکتوبر کو بڈگام پولیس نے ان کے خلاف جنگلاتی اراضی میں زبردستی داخل ہونے، بیریکیڈ ہٹانے اور تھار گاڑیوں کے قافلے کو ممنوعہ علاقے میں لے جانے کے الزام میں مقدمہ درج کیا تھا۔ بعد ازاں انہوں نے واقعے کی 12 منٹ کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کی تھی، جس پر شدید عوامی بحث چھڑ گئی تھی۔
پولیس کے مطابق گلمرگ کے تازہ واقعے میں قانونی کارروائی کے ساتھ ساتھ ملزمان کو باقاعدہ کونسلنگ بھی دی گئی اور مستقبل میں ایسے اقدامات نہ دہرانے کی ہدایت کی گئی۔
0
