0

جہنپورہ میں ملے مٹی کے ٹیلوں سے کشمیر کا شاندار ماضی سامنے آیا: وزیراعظم مودی

نئی دہلی، 28 دسمبر (یو این آئی) وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ جموں و کشمیر کے بارہمولہ ضلع کے جہنپورہ مقام پر ملنے والے مٹی کے ٹیلوں کے سائنسی مطالعے سے کشمیر کا ایک شاندار اور باوقار ماضی ہمارے سامنے آیا ہے۔
اتوار کے روز اپنے ماہانہ پروگرام ’من کی بات‘ کی 129ویں قسط میں وزیر اعظم نے کہا، ’’میں جموں و کشمیر کی ثقافتی اور تاریخی وراثت کی ایک ایسی داستان آپ کے ساتھ شیئر کرنا چاہتا ہوں جو آپ کو فخر سے بھر دے گی۔ جموں و کشمیر کے بارہمولہ میں جہنپورہ نامی ایک جگہ ہے۔ وہاں لوگ برسوں سے کچھ اونچے اونچے ٹیلے دیکھتے آ رہے تھے۔ یہ عام سے ٹیلے تھے اور کسی کو معلوم نہیں تھا کہ یہ کیا ہیں۔ پھر ایک دن ماہرینِ آثار قدیمہ کی نظر ان پر پڑی۔ جب انہوں نے اس علاقے کو غور سے دیکھنا شروع کیا تو یہ ٹیلے کچھ مختلف محسوس ہوئے۔ اس کے بعد ان ٹیلوں کا سائنسی مطالعہ شروع کیا گیا۔ ڈرون کے ذریعے اوپر سے تصاویر لی گئیں، زمین کی نقشہ بندی کی گئی اور پھر کچھ حیران کن حقائق سامنے آنے لگے۔ معلوم ہوا کہ یہ ٹیلے قدرتی نہیں ہیں بلکہ انسان کے بنائے ہوئے کسی بڑے عمارت کے آثار ہیں۔
اسی دوران ایک اور دلچسپ کڑی سامنے آئی۔ کشمیر سے ہزاروں کلومیٹر دور، فرانس کے ایک میوزیم کے آرکائیوز میں ایک پرانی اور دھندلی سی تصویر ملی۔ بارہمولہ کی اس تصویر میں بدھ مت کے تین استوپ نظر آ رہے تھے۔
انہوں نے کہا کہ یہیں سے وقت نے کروٹ لی اور کشمیر کا ایک شاندار ماضی ہمارے سامنے آیا۔ یہ تقریباً دو ہزار سال پرانی تاریخ ہے۔ کشمیر میں جہنپورہ کا یہ بدھسٹ کمپلیکس ہمیں یاد دلاتا ہے کہ کشمیر کا ماضی کیا تھا اور اس کی شناخت کتنی بھرپور تھی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں