0

سری نگر میں خصوصی طور معذور بچوں کے لئے پہلا جدید ترین اسکول بن رہا ہے: اشوک لبرو

سری نگر، 29 دسمبر (یو این آئی) ضلع مجسٹریٹ سری نگر اشوک لبرو کا کہنا ہے کہ سری نگر میں خصوصی طور پر معذور بچوں کے لیے پہلا جدید ترین جامع اسکول بن رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہر محکمہ اس کی بروقت تکمیل، معیاری انفراسٹرکچر اور بچوں کے لیے بہترین ممکنہ سہولیات کو یقینی بنانے کے لیے ہم آہنگی سے کام کر رہا ہے۔
موصوف ضلع مجسٹریٹ نے ان باتوں کا اظہار پیر کو یہاں نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرنے کے دوران کیا۔
انہوں نے کہا کہ محکمہ سماجی بہبود ضلع میں کلیدی منصوبوں کو نافذ کر رہا ہے۔
ان کا کہنا ہے: ‘جو ہمارے خصوصی طور معذور بچے ہیں خاص طور پر جو قوت گویائی اور قوت سماعت سے محروم ہیں ان کے لئے سری نگر میں ایک جدید ترین ابھینندن اسکول بن رہا ہے’۔
انہوں نے کہا کہ اس پروجیکٹ کی بر وقت تکمیل کو یقینی بنانے کے لئے ہمارے تمام لائن محکمے کوآرڈینیشن میں کام کر رہے ہیں۔
ضلع مجسٹریٹ نے کہا کہ اس منصوبے کے تکیمل کی آخری تاریخ 2027 ہے، لیکن کوالٹی پر پوری توجہ کے ساتھ وقت سے پہلے اس کو مکمل کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔
سال 2026 کی ترجیحات کے بارے میں پوچھے جانے پر انہوں نے کہا کہ توجہ سری نگر میں تمام منظور شدہ پروجیکٹوں کو مکمل کرنے پر رہے گی۔
انہوں نے کہا کہ منظور شدہ فنڈز کے منصوبوں کو درمیان میں نہیں روکنا چاہیے۔
سری نگر میں آتشزدگی کے بڑھتے ہوئے واقعات کے بارے میں پوچھے جانے والے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اس سلسلے میں انتظامیہ نے پہلے ہی احتیاطی ہدایات اخباروں کے ذریعے جاری کی ہیں لوگوں کو چاہئے کہ وہ ان ہدایات پر سختی سے عمل کریں تاکہ ان واقعات سے بچا جا سکے۔
انہوں نے برقی آلات کو لاپرواہی سے استعمال کرنے سے خبردار کیا اور کہا کہ گھروں کے قریب خشک گھاس رکھنے سے آگ لگنے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔
مسٹر لبرو نے عوام سے اپیل کی کہ وہ کسی بھی واقعے کے متعلق حکام کو فوری طور پر مطلع کریں تاکہ فائر اینڈ ایمرجنسی ٹیمیں فوری جواب دے سکیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں