سری نگر،29دسمبر(یو این آئی) نیشنل کانفرنس کے ترجمان اعلیٰ اور ایم ایل اے زڈی بل، تنویر صادق نے پیر کے روز کہا کہ طلبہ اور دیگر افراد کو پُرامن احتجاج کے دوران روکنا درست نہیں تھا، کیونکہ جمہوریت میں ہر شہری کو پُرامن انداز میں اپنی آواز بلند کرنے کا حق حاصل ہے۔
سری نگر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت نے پہلے بھی ان طلبہ کو احتجاج کی اجازت دی تھی، اس لیے اس بار انہیں روکنے کی کوئی وجہ نہیں تھی۔ تنویر صادق کے مطابق، پُرامن احتجاج جمہوری حق ہے اور ہر شخص کو یہ حق ملنا چاہئے۔ کل جو کچھ ہوا وہ ٹھیک نہیں تھا۔
ریزرویشن پالیسی پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت نے اس حوالے سے وہی طریقہ کار اپنایا ہے جو پارٹی کے منشور میں وعدہ کیا گیا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ ایک کمیٹی نے چھ ماہ تک اس معاملے پر کام کیا، رپورٹ تیار کی، کابینہ نے قانونی رائے حاصل کی اور پھر رپورٹ کو منظوری کے لیے لوک بھون بھیج دیا گیا۔
ان کا کہنا تھا، ’اگر کسی چیز میں تبدیلی ہوتی تو ہم خود طلبہ کو بتاتے۔ کوئی تبدیلی نہیں ہوئی ہے۔ ہم وہی کر رہے ہیں جو طلبہ سے وعدہ کیا تھا۔‘
بھرتیوں سے متعلق سوال کے جواب میں تنویر صادق نے کہا کہ نوکریوں کے لیے اشتہارات آتے رہیں گے، تاہم حکومت چاہتی ہے کہ پہلے ریزرویشن سے متعلق فیصلہ باضابطہ طور پر منظور ہو جائے۔
0
