جموں ،31دسمبر(یو این آئی)جموں و کشمیر کے ضلع کٹھوعہ میں 2025 کے دوران پولیس نے 39 اوورگراؤنڈ ورکروں کی شناخت کی اور 18 افراد کے خلاف پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت کیس درج کیا، جو علاقے میں دہشت گرد نیٹ ورکس کے خلاف ایک بڑے کریک ڈاؤن کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
کٹھوعہ کے سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس موہیتا شرما نے سالانہ کرائم رپورٹ پیش کرتے ہوئے کہا کہ سال کے دوران چار دہشت گردی سے متعلق مقدمات درج کیے گئے، جن میں سات افراد گرفتار ہوئے جبکہ دو دہشت گرد ہلاک کیے گئے۔
موہیتا شرما نے بتایا کہ ’کتھوا ضلع میں دہشت گردی سے منسلک نیٹ ورکس کے خلاف ایک بڑی کارروائی کی گئی، 39 معاونین کی شناخت ہوئی اور 18 کے خلاف پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت کارروائی عمل میں لائی گئی۔‘
انہوں نے کہا کہ ایک اہم پیش رفت ڈرون ڈراپنگ کیس میں ہوئی، این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت 447 گرام ممنوعہ مواد برآمد کیا گیا اور اب تک آٹھ افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔
سائبر کرائم کے حوالے سے ایس ایس پی نے بتایا کہ کٹھوعہ پولیس نے تقریباً 4 کروڑ روپے کی رقم برآمد کر کے شکایت کنندگان کے حوالے کی۔
آنے والے سال کے لیے ترجیحات بیان کرتے ہوئے شرما نے کہا کہ 2026 کو پولیس کے لیے ٹیکنالوجی کا سال قرار دیا جائے گا، جس میں جرم کی شناخت اور تحقیقات میں جدید ہائی ٹیک اور آرٹیفیشل انٹیلی جنس سسٹمز پر زیادہ انحصار کیا جائے گا۔
0
