سری نگر، 31 دسمبر (یو این آئی) جموں و کشمیر انسداد بدعنوانی بیورو (جے کے اے سی بی) نے سال 2025 کے دوران بدعنوانی کے خلاف بھر پور مہم کو جاری رکھتے ہوئے مختلف معاملوں میں 78 ایف آئی آر درج کئے جن میں بڑے ٹریپ کیسز اور بڑے اراضی دھوکہ دہی کے کیسز شامل ہیں جبکہ 13 ملزموں کو سزائیں بھی سنائی گئیں۔
بیورو کے ایک ترجمان نے تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ سال 2025 کے دوران اے سی بی نےبعد عنوانی سے متعلق بڑی تعداد میں مقدمات درج کرکے ان کی تحقیقات کیں جن میں رشوت طلب کرنے او قبول کرنے پر سرکاری ملازمین کے خلاف ٹریپ کیسز،غیر متناسب اثاثہ جات معاملات اور اختیارات کے ناجائز استعمال کے مقدمات شامل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بیورو نے مجموعی طور پر 78 مقدمات کی تحقیقات کیں جن میں 36 ٹریپ کیسز، 18 غیر متناسب اثاثہ جات کیسز، 15 اختیارات کے ناجائز استعمال کیسز، اراضی کی جعلی منتقلی سے متعلق بڑے اراضی گھپلے کے 8 کیسز اور غیر قانونی تقرریوں سے متعلق ایک کیس شامل ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ 43 مقدمات میں مجاز عدالتوں کے سامنے چارج شیٹ داخل کئے گئے جو بروقت اور پیشہ ورانہ تحقیقات کے لئے بیورو کے عزم کی عکاسی کرتے ہیں۔
بیان کے مطابق عدالتوں میں زیر سماعت مقدمات میں سے 7 کیسز سال 2025 میں سزائوں پر منتج ہوئے جن کے نتیجے میں 13 ملزموں کو سزا سنائی گئی۔
بیورو نےاحتیاطی نگرانی اور نظامی اصلاحات پر بھی خصوصی توجہ دی۔ ان اقدامات میں شکایات کی تصدیق، مشتبہ لین دین کی جانچ اور ان طریقہ کار میں موجود خامیوں کو دور کرنے کے لئے مشاورتی ہدایات کا اجرا شامل تھا جو بدعنوانی کا سبب بن سکتی تھیں۔
سال 2025 کے دوران بیورو میں 703 تصدیقی کارروائیاں(بشمول متفرق امور) انجام دی گئیں جن کے نتیجے میں مجموعی طور پر 764 معاملات نمٹائے گئے جن میں گذشتہ سال کے زیر التوا معاملات بھی شامل تھے۔
اے سی بی نے سال 2025 میں حکومت کو 41 الرٹ نوٹس اور 91 ایڈوائزریز جاری کیں جن کا مقصد تصدیقی کارروائیوں، اچانک معائنوں اور شکایات کے جائزے کے دوران سامنے آنے والی اہم نظامی خامیوں، طریقہ کار کی کوتاہیوں اور بدعنوانی کے امکانات والے شعبوں کی نشاندہی کرتا تھا۔ ان اقدامات کا مقصد داخلی کنٹرول کو مضبوط بنانا، شفافیت میں اضافہ کرنا اور عوامی انتظامیہ میں جوابدہی کو بہتر بنانا تھا تاکہ بد عنوانی کے مواقع کو کم کیا جا سکے۔
اے سی بی کے مطابق ضلع ویجیلنس افسروں نے جموں وکشمیر اینٹی کورپشن بیورو کے انسداد بد عنوانی ڈھانچے کو محکمہ جاتی سطح پر مضبوط بنانے میں اہم رول ادا کیا۔
0
