سری نگر،31دسمبر(یو این آئی)جموں و کشمیر میں وندے بھارت ایکسپریس سروس کے آغاز کے بعد محض چھ ماہ میں تقریباً 3.75 لاکھ مسافروں نے اس جدید ٹرین سروس میں سفر کیا ہے، جسے جموں ریلوے ڈویژن کی ایک بڑی کامیابی قرار دیا جا رہا ہے۔ یہ اعداد و شمار شری ماتا ویشنو دیوی کٹرا اور سری نگر کے درمیان چلنے والی دو جوڑی ٹرینوں کے ذریعے حاصل ہوئے ہیں، جنہیں 6 جون کو یو ایس بی آر ایل منصوبے کے افتتاح کے بعد وزیراعظم نے ہری جھنڈی دکھائی تھی۔ اس اہم ریل لنک کی تکمیل کے بعد وادی کو پہلی بار ملک کے ساتھ سال بھر کی ریلوے رابطہ سہولت فراہم ہوئی۔
سینئر ڈویژنل کمرشل منیجر اُچت سنگھل کے مطابق، ڈویژن نے اپنے پہلے ہی سال میں مسافر خدمات، فریٹ سرگرمیوں اور ریونیو میں نمایاں پیش رفت درج کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ابتدائی چیلنجز کے باوجود ریلوے ڈویژن نے قلیل مدت میں مستحکم کارکردگی دکھائی اور بہتر خدمات فراہم کیں۔ ان کے مطابق مسافروں کی بڑھتی ہوئی تعداد اس بات کا ثبوت ہے کہ وادی میں وندے بھارت سروس کو غیر معمولی پذیرائی حاصل ہو رہی ہے۔
فریٹ سرگرمیوں کے حوالے سے ڈویژن نے گزرتے مہینوں میں نمایاں توسیع کی، جس کے تحت مختلف گڈز شیڈز کو فعال بنایا گیا اور فوجی ساز و سامان سے لے کر کمرشل کارگو تک متعدد اشیا کی باربرداری کی گئی۔ اننت ناگ گڈز شیڈ ایک اہم لاجسٹک پوائنٹ کے طور پر سامنے آیا جہاں 1.5 لاکھ ٹن سے زائد سیمنٹ، آٹو موبائل ریکس، ایف سی آئی فوڈ گرینز اور دیگر اشیا کی ترسیل انجام دی گئی۔ اسی طرح جموں–پٹھانکوٹ–پنجاب ریل کوریڈور اسکیم کے تحت 20 ہزار ٹن سے زائد سیب ملک کی مختلف منڈیوں تک پہنچائے گئے۔
انفراسٹرکچر کے محاذ پر بھی کافی پیش رفت ہوئی، جن میں ریاسی کو وندے بھارت اسٹاپ کے طور پر شامل کرنا، چناب پل کے مطالعاتی دورے کا انعقاد اور کٹرا–امرتسر وندے بھارت ٹرین کا آغاز شامل ہے۔ اس کے علاوہ، پہلگام حملے، آپریشن سندور اور اگست 26 کے سیلاب جیسے حساس مواقع پر ریلوے نے خصوصی ٹرینوں کا انتظام کر کے اپنی ہنگامی صلاحیت کا ثبوت دیا۔
ریونیو میں اضافے کے لئے اسٹیشنوں پر ڈیجیٹل اور اسٹیٹک اشتہارات، ایل ای ڈی اسکرین برانڈنگ اور کمرشل کیوسک قائم کئے گئے، جن سے مقامی لوگوں کو روزگار بھی ملا۔ نفاذی کارروائیوں میں 63 ہزار بغیر ٹکٹ سفر کے واقعات کا پتہ چلا جن سے 3.72 کروڑ روپے جرمانہ وصول کیا گیا، جبکہ جعلی ٹکٹس بھی ضبط کئے گئے۔
افسران نے بتایا کہ پہلے سال کی کارکردگی تیز ادارہ جاتی استحکام، بہتر خدمات، بڑھتی ہوئی آمدنی اور مضبوط لاجسٹک نظام کا واضح عکاس ہے، جس نے جموں ریلوے ڈویژن کو خطے میں ایک ابھرتا ہوا ٹرانسپورٹ مرکز بنا دیا ہے۔
0
