0

اودھم پور میں سال 2025 میں منشیات مخالف مہم: 222 گرفتاریاں، 10.50 کروڑ روپیوں کی منشیات ضبط، 21 کروڑ رپیوں کے اثاثے قرق: پولیس

جموں، یکم جنوری (یو این آئی) منشیات اسمگلنگ کے خلاف کارروائیوں کو تواتر کے ساتھ جاری رکھتے ہوئے اودھم پور پولیس نے سال 2025 کے دوران این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت 222 ملزموں کو گرفتار کیا ہے اور 10.50 کروڑ روپیے مالیت کی منشیات ضبط جبکہ 21 کروڑ روپیے مالیت کے اثاثے قرق کئے ہیں۔
ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ اودھم پور پولیس نے سال 2025 کے دوران منشیات اسمگلنگ کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کیں۔
انہوں نے کہا کہ جنوری سے دسمبر 2025 تک این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت 153 مقدمات درج کئے گئے جن کے نتیجے میں 203 منشیات فروشوں کو گرفتار کیا گیا جبکہ اس کے علاوہ 19 سخت گیر /بدنام زمانہ منیشات فروشوں کے خلاف پی آئی ٹی این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت کارروائی انجام دی گئی۔
ان کا کہنا ہے کہ اس مہم کے دوران 77 گاڑیاں ضبط کی گئیں اور ایچ 1 ادویات کی خلاف ورزیوں پر 12 میڈیکل/ فارمیسی دکانیں سیل کر دی گئیں۔
بیان کے مطابق منشیات مخالف کارروائیوں کے دوران 10.50 لاکھ روپیے مالیت کی منشیات ضبط کی گئیں جن میں ہیروئن، چرس، پوست کا بھوسہ اور گانجا شامل ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس کے علاوہ پنجاری علاقے میں 2 کنال اور 10 مرلہ اراضی پر غیر قانونی افیون کی کاشت کو بھی تلف کیا گیا۔
ان کا کہنا ہے کہ اودھم پور پولیس نے منشیات فروشوں کے 56 بینک کھاتے منجمد کر دئے جن میں 17.59 لاکھ کی رقم موجود تھی جبکہ 28 این ڈی پی ایس مقدمات میں 21 کروڑ روپیے مالیت کی جائیدادیں منسلک کر دی گئیں۔
پولیس ترجمان نے بتایا کہ استغاثہ کے محاذ پر 77 مقدمات میں 98 ملزموں کو سزائیں سنائی گئیں۔
انہوں نے کہا کہ منشیات فروشوں کے خلاف سخت قانونی کارروائیاں مسلسل جاری رہیں گے جس میں جائیدادوں کی ضبطی اور مالی اثاثوں کی قرقی شامل ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں