جموں، 2 جنوری (یو این آئی) جموں وکشمیر کے ضلع کشتواڑ کے داچھن علاقے میں آتشزدگی کے ایک ہولناک واقعے میں کئی رہائشی مکان خاکستر ہوگئے ہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ کشتواڑ کے داچھن علاقے میں دوران شب ایک مکان سے آگ نمودار ہوئی جس کے شعلوں نے متصل واقع مکانوں اور لکڑی کے ڈھانچوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
انہوں نے کہا کہ اس واقعے میں کئی مکان خاکستر ہوگئے۔
دریں اثنا مرکزی وزیر ڈاکٹر جیتندرا سنگھ نے ‘ایکس’ پر اپنے ایک پوسٹ میں کہا: ‘داچھن علاقے میں آگ لگنے کے واقعے، جس میں کچھ مکان جل گئے ہیں، کے بارے میں جاننے کے بعد ابھی ابھی ڈی سی کشتواڑ شری پنکج شرما سے بات کی’۔
انہوں نے کہا کہ اس واقعے میں کسی جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ انتظامیہ اور ریڈ کراس نے فوری طور پر امدادی مواد کو موقع پر پہنچا دیا ہے اور اس دوران، متاثرہ خاندانوں کے لیے مالی امداد کا بھی بندوبست کیا جا رہا ہے۔
0
