0

اننت ناگ میں مرگان ٹاپ اور سنتھن ٹاپ پر ٹریکنگ و کیمپنگ پر دو ماہ کی پابندی عائد

سری نگر،2جنوری(یو این آئی) ضلعی انتظامیہ اننت ناگ نے سیکورٹی خدشات کے پیش نظر مرگان ٹاپ، چوہرن ناگ اور سنتھن ٹاپ کے حساس مقامات پر ٹریکنگ، کیمپنگ، ہائیکنگ اور دیگر آؤٹ ڈور سرگرمیوں پر پابندی عائد کر دی ہے۔
حکم نامے میں اس بات کا حوالہ دیا گیا ہے کہ حالیہ دنوں میں کچھ افراد نے رات کے وقت چیک پوائنٹس کو عبور کرنے کی کوشش کی جس سے سیکورٹی ایجنسیوں کے خدشات مزید بڑھ گئے۔ انتظامیہ نے واضح کیا کہ ایسے حساس علاقوں میں بلا روک ٹوک نقل و حرکت اور غیر ضروری بیرونی سرگرمیاں عوامی سلامتی پر منفی اثر ڈال سکتی ہیں۔
حکام کے مطابق پابندی دو ماہ تک نافذ العمل رہے گی، جب تک کہ اسے واپس نہ لیا جائے یا مدت میں توسیع نہ کی جائے۔ اس دوران اسٹیشن ہاؤس آفیسر لارنو کو حکم دیا گیا ہے کہ وہ احکامات پر سختی سے عمل درآمد کرائیں اور تمام چیک پوائنٹس پر نقل و حرکت کو منظم رکھیں۔ عوام سے کہا گیا ہے کہ وہ حکم کی مکمل پابندی کریں، بصورت دیگر قانون کے تحت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں