جموں، 3 جنوری (یو این آئی) منشیات کے خلاف مسلسل کوششوں کے نتیجے میں کٹھوعہ پولیس نے سال 2025 کے دوران این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت درج 77 مقدمات میں 29 بین ریاستی سمیت کل 98 مجرموں کو سزائیں دلوائیں۔
ایک پولیس ترجمان نے بتایا کہ کٹھوعہ پولیس نے سال 2025 کے دوران این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت درج 77 مقدموں میں 98 مجرموں کو سزائیں دلوا کر ایک اہم سنگ میل عبور کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ان مجرموں میں 29 بین ریاستی اور 15 بین ضلعی منشیات فروش شامل ہیں جو منظم منشیاتی نیٹ ورکس کے خلاف ضلع پولیس کی مرکوز کارروائیوں کی عکاسی کرتا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ ان مقدمات میں پوست کا بھوسہ، چرس، ہیروئن اور گانجا بر آمد کیا گیا تھا جو پولیس اسٹیشن اودھم پور، ریہام بل،چیننی، رام نگر اور مجالتا کی حدود میں درج کی گئیں۔
پولیس ترجمان نے بتایا کہ یہ بر آمد گیاں چیکنگ، شاہراہوں پر گاڑیوں کی روک تھام اور مسلسل انسداد منشیات مہمات کے دوران عمل میں آئیں۔
انہوں نے کہا کہ ہر مقدمے کی پیشہ ورانہ انداز میں تفتیش کی گئ، بر وقت چارج شیٹ داخل کی گئی اور معزز عدالتوں میں موثر پیروی کی گئی جس کے نتیجے میں سزائوں کی بڑی شرح حاصل ہوئی۔
ان کا کہنا ہے کہ یہ این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت تفتیشی افسروں اور استغاثہ ٹیموں کی مربوط کوششوں کا مظہر ہے۔
اودھم پور پولیس نے عوام سے ہوشیار رہنے اور منشیات کی سرگرمیوں سے متعلق اطلاع دینے کی اپیل کی ہے تاکہ منشیات کے ناسور کے خاتمے کو یقینی بنایا جا سکے۔
0
