0

کشمیر کو ملک سے جوڑنے والا خواب حقیقت بنا—جموں ڈویژن کی شاندار پیش رفت

جموں،4جنوری(یو این آئی) شمالی ریلوے کے جموں ڈویژن نے اپنے قیام کے پہلے ہی سال کے اندر انفراسٹرکچر، کنیکٹیویٹی اور آپریشنل ترقی کے شعبوں میں قابلِ ذکر کامیابیاں حاصل کر کے جموں و کشمیر کی تاریخ میں ایک نمایاں سنگِ میل قائم کیا ہے۔ یہ ڈویژن، جسے 6 جنوری 2025 کو وزیر اعظم نریندر مودی نے باضابطہ طور پر ملک کے 70ویں ریلوے ڈویژن کے طور پر افتتاح کیا تھا، نہ صرف کشمیر کو ملک کے دیگر حصوں سے جوڑنے میں کامیاب رہا بلکہ عوام میں نئی امید اور اعتماد کی فضا بھی قائم کی۔
ریلوے حکام کے مطابق سال 2025 پورے جموں ڈویژن کے لیے تبدیلی اور ترقی کا سال ثابت ہوا، جس دوران سب سے اہم پیش رفت 272 کلو میٹر طویل اُدھمپور۔سری نگر۔بارہمولہ ریل لنک کا افتتاح تھا، جس کے ساتھ وادی پہلی بار سال بھر ریل رابطے سے جڑ گئی۔
وادی میں وندے بھارت ٹرین کی شروعات نے سفر کو زیادہ تیز اور آرام دہ بنایا۔ ریلوے کے مطابق 6 جون 2025 سے اب تک 3.75 لاکھ سے زائد مسافر وادی سے اور وادی کی جانب سفر کر چکے ہیں۔
اسی طرح کٹرہ–امرتسر ریل رابطے نے مذہبی سیاحت کو نئی رفتار بخشی اور عقیدت مندوں کے سفر میں آسانی پیدا کی۔
ریلوی ذرائع کے مطابق نئی ریل کنیکٹیویٹی نے کشمیر کی معیشت کو بھی مستحکم کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔ سال کے دوران 20 ہزار میٹرک ٹن سے زائد سیب اور 1.5 لاکھ میٹرک ٹن سیمنٹ کی نقل و حمل نے باغبانی و تعمیرات کے شعبوں کو نئی قوت دی۔
اننت ناگ میں قائم گڈز شیڈ کی سالانہ 1.5 لاکھ ٹن کی ہینڈلنگ صلاحیت نے وادی میں لاجسٹکس سہولیات کو بہتر بنایا۔ پہلی بار آٹوموبائل اور فوڈ گرین ریک وادی پہنچے، جبکہ کشمیری شاہراہ کو بھی ریل کے ذریعے بندرا منتقل کیا گیا، جسے حکام ایک بڑی لاجسٹک کامیابی قرار دیتے ہیں۔
ریلوے کے مطابق غیر کرایہ جاتی آمدنی میں 94 کروڑ روپے سے زائد کے نئے کنٹریکٹ حاصل کیے گئے، جبکہ ٹکٹ چیکنگ مہم کے دوران 63 ہزار سے زیادہ معاملات میں 3.72 کروڑ روپے جرمانے کی صورت میں وصول کیے گئے۔
سالِ اول کی تکمیل پر سینئر ڈویژنل کمرشل مینیجر اوچت سنگھل نے کہا کہ:’2025 ایک چیلنجنگ سال تھا، لیکن ہم نے مسافروں کی سہولت، تحفظ اور آرام دہ سفر کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن کوشش کی۔ جموں ڈویژن اب تیزی سے اعلیٰ معیار کی جانب بڑھ رہا ہے اور 2026 میں مزید بڑے منصوبوں کے ساتھ ترقی کا دوسرا باب شروع ہونے جا رہا ہے۔‘
جموں ڈویژن کی ان تاریخی پیش رفتوں کو وادی کے لیے امید، ترقی اور بہتر مستقبل کی علامت قرار دیا جا رہا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں