0

ہندوستان نے وینزویلا کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا، مذاکرات اور پُرامن حل کی اپیل

لکژمبرگ، 7 جنوری (یو این آئی) وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے وینزویلا میں حالیہ پیش رفت پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہندوستان کی اصل توجہ وینزویلا کے عوام کی فلاح و بہبود اور ان کی سلامتی پر مرکوز ہے۔
انہوں نے تمام فریقین سے اپیل کی کہ وہ مذاکرات کا راستہ اختیار کریں اور شہریوں کے تحفظ کے لیے پُرامن حل تلاش کریں۔ لکژمبرگ کے نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ زیویر بیٹّل کے ساتھ بات چیت کے دوران ایس جے شنکر نے وینزویلا کے ساتھ ہندوستان کے طویل مدتی تعلقات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ وہ وہاں کی صورتحال پر واقعی فکرمند ہیں اور اس میں شامل تمام فریقین سے گزارش کرتے ہیں کہ وہ مل بیٹھ کر ایسی راہ نکالیں جو وینزویلا کے عوام کی فلاح و سلامتی کے حق میں ہو۔
وزارت خارجہ نے بھی ایک بیان جاری کرتے ہوئے وینزویلا کی صورتحال پر گہری تشویش ظاہر کی ہے اور بات چیت کے ذریعے پُرامن حل کی اپیل کی ہے۔ وزارت نے وینزویلا کے عوام کے ساتھ اپنی حمایت کا اعادہ کیا اور بحران کے حل کے لیے پُرامن مذاکرات پر زور دیا۔ اس کے ساتھ ہی وزارت نے ہندوستانی شہریوں کے لیے ایک سفری مشورہ بھی جاری کیا ہے، جس میں انہیں وینزویلا کے غیر ضروری سفر سے گریز کرنے اور کاراکاس میں واقع ہندوستانی سفارت خانے سے رابطے میں رہنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ وینزویلا کے خلاف ایک امریکی فوجی کارروائی کے بعد صدر نکولس مادورو اور ان کی اہلیہ سیلیا فلوریس نیویارک کے بروکلین میں واقع میٹروپولیٹن ڈیٹینشن سینٹر میں امریکی حراست میں ہیں۔ ان پر مبینہ طور پر نارکو ٹیررزم، یعنی منشیات سے متعلق دہشت گرد سرگرمیاں چلانے میں ملوث ہونے کے الزامات کے تحت مقدمہ چلایا جا رہا ہے۔ مادورو جوڑے نے پیر کے روز منشیات اور اسلحہ سے متعلق الزامات میں خود کو بے قصور قرار دیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں