سری نگر، 12 جنوری (یو این آئی) محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق وادی کشمیر میں 25 جنوری تک موسم جزوی سے مجموعی طور پر ابر آلود رہنے کے ساتھ بیچ بیچ میں خاص کر پہاڑی علاقوں میں ہلکی برف باری یا بارش کا امکان ہے۔
متعلقہ محکمے کے ایک ترجمان نے بتایا کہ وادی میں 12 سے 15 جنوری تک موسم جزوی طور پر ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس کے بعد میں وادی میں 16 اور 17 جنوری کو موسم مجموعی طور پر ابر آلود رہنے کے ساتھ پہاڑی علاقوں میں کہیں کہیں ہلکی برف باری یا بارش ہوسکتی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ 18 اور 19 جنوری کو موسم ایک بار پھر ابر آلود مگر عام طور پر خشک رہنے کا امکان ہے۔
موصوف ترجمان نے بتایا کہ وادی میں 20 جنوری کو موسم مجموعی طور پر ابر آلود رہ سکتا ہے اور اس دوران کہیں کہیں ہلکی برف باری یا بارش کا امکان ہے۔
انہوں نے کہا کہ 21 سے 23 جنوری تک موسم جزوی سے مجموعی طور پر ابر آلود رہنے کے ساتھ کہیں کہیں ہلکی برف باری یا بارش متوقع ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ بعد ازاں 24 اور 25 جنوری کو موسم جزوی ابر آلود مگر عام طور پر خشک ہی رہ سکتا ہے۔
محکمے نے اپنی ایڈوائزری میں کہا ہے کہ وادی کے بیشتر مقامات پر شبانہ درجہ حرارت میں بہتری کا امکان ہے۔ انہوں نے کہا کہ جموں ریاست کے میدانی علاقوں میں کہیں کہیں اگلے پانچ دنوں کے دوران دھند کا راج جاری رہ سکتا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ وادی میں سخت سردیوں کے لئے مشہور چالیس روزہ چلہ کلاں بر سر اقتدار ہے جو 21 دسمبر سے شروع ہوکر 31 جنوری کو اختتام پذیر ہوجاتا ہے۔ اس کے بعد 20 روز چلہ خرد شروع ہوجاتا ہے۔ اس چلہ کے دوران بھی بھاری برف باری ہوسکتی ہے لیکن سردیوں کا زور بتدریج تھم جاتا ہے۔
0
