0

جموں میں کانگریس کا ایم جی نریگا بچاؤ دھرنا

جموں،12جنوری(یو این آئی) جموں و کشمیر پردیش کانگریس کمیٹی نے پیر کے روز جموں میں ’ایم جی نریگا بچاؤ‘ اور ’ہماری ریاست، ہمارا حق‘ کے بینر تلے ایک بیٹھک دھرنا منعقد کیا اور دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ پارٹی ایم جی نریگا اسکیم میں کسی بھی طرح کی کمی یا حقوق میں کمی کی اجازت نہیں دے گی۔ یہ احتجاج آل انڈیا کانگریس کمیٹی کی ہدایات پر کیا گیا۔
پردیش کانگریس کمیٹی کے ورکنگ صدر اور سابق وزیر رمن بھلہ اور سابق وزیر یوگیش سہانی کی قیادت میں ہونے والے اس دھرنے میں کارکنوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ شرکا نے ہاتھوں میں پلے کارڈ اور بینر اٹھا رکھے تھے اور حکومت کی مبینہ غیر عوامی پالیسیوں کے خلاف نعرے بلند کیے۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے رمن بھلہ نے الزام لگایا کہ ایم جی نریگا جیسی عوامی فلاحی اسکیم، جو غریب ترین طبقوں کو روزگار اور معاشی تحفظ فراہم کرنے کے لیے بنائی گئی تھی، حکومت کے اقدامات سے کمزور ہوتی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا،’ایم جی نریگا بچاؤ اور ہماری ریاست، ہمارا حق کی یہ مہم لوگوں کے روزگار، ان کے آئینی حقوق اور جمہوری اختیارات کے تحفظ کی لڑائی ہے۔ کانگریس نہ ایم جی نریگا کو کمزور ہونے دے گی اور نہ جموں و کشمیر کے حقوق پر سمجھوتہ کرے گی۔‘
بھلا نے مزید کہا کہ اجرتوں کی تاخیر، کام کے دنوں میں کمی، اور شفافیت کی عدم موجودگی نے دیہی گھرانوں کو شدید متاثر کیا ہے۔ ان کے مطابق کانگریس اس احتجاج کو اس وقت تک جاری رکھے گی جب تک اسکیم کو اس کی اصل روح کے مطابق بحال نہیں کیا جاتا۔
انہوں نے یہ بھی الزام لگایا کہ مرکزی سطح پر اختیارات سمیٹنے کی کوششوں سے وفاقی ڈھانچہ کمزور ہو رہا ہے، جبکہ جموں و کشمیر کے لوگوں کو مکمل حقوق سے محروم رکھنا عوامی ناراضگی میں اضافہ کر رہا ہے۔
انہوں نے وفاقی اصولوں میں مبینہ کمزوری پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس اس تحریک کو پُرامن جمہوری انداز میں ہر طبقے تک پہنچائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں