0

جموں و کشمیر کی سیکورٹی پر دہلی کی کڑی نظر

سرینگر//14جنوری//یو این ایس مرکزی ہوم سیکریٹری گووند موہن اور انٹیلی جنس بیورو کے ڈائریکٹر تپن ڈیکا دو روزہ دورے پر جموں پہنچ رہے ہیں جہاں وہ جموں و کشمیر کی مجموعی سیکیورٹی صورتحال کا اعلیٰ سطحی جائزہ لیں گے۔ اس دورے میں خاص طور پر جموں خطے، سرحدی نظم و نسق، ڈرون سرگرمیوں اور پہاڑی علاقوں میں جاری انسدادِ دہشت گردی آپریشنز پر توجہ مرکوز رہے گی۔ذرائع کے مطابق دونوں اعلیٰ افسران جموں پہنچتے ہی پولیس ہیڈکوارٹر میں ایک تفصیلی سیکیورٹی اجلاس کی صدارت کریں گے۔ اجلاس میں زمینی صورتحال کا براہِ راست جائزہ لینے کے لیے بین الاقوامی سرحد کے دورے کا امکان بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔ یہ اعلیٰ سطحی وفد 15 جنوری کی دوپہر واپس نئی دہلی روانہ ہوگا۔یو این ایس کے مطابق سیکورٹی جائزہ اجلاس میں چیف سیکریٹری اٹل ڈولو، یو ٹی ہوم سیکریٹری چندرکر بھارتی، ڈائریکٹر جنرل پولیس نلین پربھات، انٹیلی جنس چیف نتیش کمار، پولیس و انٹیلی جنس محکموں کے سینئر افسران، جموں و کشمیر دونوں ڈویژنوں کے آئی جی صاحبان، نیم فوجی دستوں کے سربراہان اور مرکزی خفیہ ایجنسیوں کے اعلیٰ افسران شرکت کریں گے۔حکام کے مطابق اجلاس میں جموں خطے کے پہاڑی اضلاع ڈوڈہ، کشتواڑ، کٹھوعہ اور ادھم پور میں جاری انسدادِ دہشت گردی کارروائیوں کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ حالیہ ہفتوں کے دوران سیکیورٹی فورسز کا متعدد مرتبہ عسکریت پسندوں سے سامنا ہوا تاہم بیشتر مواقع پر ملی ٹنٹ فرار ہونے میں کامیاب رہے۔اجلاس کے دوران دراندازی روکنے کے اقدامات اور اینٹی انفِلٹریشن گرڈ کو مزید مضبوط بنانے پر بھی غور کیا جائے گا۔ بدلتے ہوئے سیکیورٹی چیلنجز، خاص طور پر ڈرون کے ممکنہ استعمال اور سرحد پار سے دراندازی کے خدشات کے پیش نظر موجودہ سرحدی انتظامات کی مو ¿ثریت کا جائزہ لے کر نئی تجاویز دیے جانے کا امکان ہے۔یہ دورہ ایسے وقت پر ہو رہا ہے جب ایک ہفتہ قبل، 8 جنوری کو مرکزی وزیر داخلہامیت شاہ نے نئی دہلی میں جموں و کشمیر کی سیکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیا تھا۔ یو این ایس کے مطابق اس اجلاس میں لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا، وزارت داخلہ، نیم فوجی دستوں، انٹیلی جنس ایجنسیوں اور یو ٹی کے اعلیٰ سول و پولیس افسران شریک ہوئے تھے۔اس موقع پر امیت شاہ نے سیکیورٹی فورسز کی کوششوں کی تعریف کرتے ہوئے واضح کیا تھا کہ دہشت گردی کے ڈھانچے اور دہشت گردی کی مالی معاونت کے خلاف کارروائیاں مشن موڈ میں جاری رہنی چاہئیں۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں حکومت جموں و کشمیر میں پائیدار امن کے قیام اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں